حمیرا اصغر کیس میں پیشرفت، فلیٹ سے ملنے والا سفید نمک بدبو پھیلنے سے روکتا ہے

ویب ڈیسک
|
31 Jul 2025
کراچی: مرحوم اداکارہ حمیرا اصغر کے فلیٹ سے ملنے والے پراسرار پیالوں میں موجود چیز کے بارے میں بالآخر پتا چل گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، کیمیائی تجزیاتی رپورٹ پولیس کے حوالے کر دی گئی ہے جس میں انکشاف ہوا ہے کہ فلیٹ سے برآمد ہونے والے تمام پیالوں میں سمندری نمک موجود تھا۔
تفتیش کاروں نے فلیٹ سے مجموعی طور پر چھ سیمپل اکٹھے کیے تھے، جن میں سے پانچ مختلف پیالوں سے لیے گئے سیمپل میں سمندری نمک پایا گیا۔ تاہم، گھر کے کچن سے ملنے والا نمک پیالوں سے ملنے والے نمک سے مختلف تھا اور وہ آیوڈائزڈ نمک تھا۔
یہ سوال ابھی تک حل طلب ہے کہ آیا یہ سمندری نمک بدبو کم کرنے یا کیڑے نہ لگنے کے لیے رکھا گیا تھا یا اس کے پیچھے کوئی اور وجہ تھی۔
موجودہ رپورٹس اور جمع شدہ شواہد کی بنیاد پر تاحال اداکارہ کی موت کی اصل وجہ بھی نہیں بتائی جا سکی ہے۔
واضح رہے کہ اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 6 میں ایک فلیٹ سے ملی تھی، جہاں وہ گزشتہ سات سال سے کرائے پر مقیم تھیں۔
حمیرا اصغر 2018 میں لاہور سے کراچی منتقل ہوئی تھیں۔ پولیس اس معاملے پر مزید تفتیش جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ موت کی وجہ اور پیالوں میں موجود نمک کے مقصد سے پردہ اٹھایا جا سکے۔
Comments
0 comment