برطانیہ سے تین سال قبل چوری شدہ مہنگی ترین گاڑی کی کراچی میں موجودگی کا انکشاف

ویب ڈیسک
|
2 Oct 2025
کراچی: برطانیہ سے چوری ہونے والی ایک قیمتی رینج روور اسپورٹس کی کراچی میں موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔
برطانوی پولیس کے مطابق سیاہ رنگ کی رینج روور 22 نومبر 2022 کو نارتھ یارکشائر کے علاقے ہیروگیٹ سے چوری ہوئی تھی۔
انٹرپول نے ایک خط کے ذریعے حکومتِ پاکستان کو اطلاع دی کہ گاڑی کراچی میں موجود ہے، جس کے بعد مقامی نیشنل سینٹرل بیورو (این سی بی) نے کراچی پولیس کو آگاہ کیا۔
برطانوی پولیس کی رپورٹ کے مطابق گاڑی میں نصب ٹریکر سے پتا چلا کہ یہ کراچی کے مختلف مقامات، بشمول کورنگی سروس روڈ، اعظم بستی اور صدر ٹاؤن میں دیکھی گئی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل 2022 میں لندن سے چوری شدہ ایک بینٹلے ملسین وی 8 کراچی سے برآمد ہوئی تھی، جس کی مالیت 30 کروڑ روپے سے زائد بتائی گئی تھی۔
اس وقت ایک غیر ملکی خفیہ ایجنسی کی اطلاع پر کسٹمز حکام نے گاڑی ڈیفنس سے برآمد کی تھی اور دو افراد کو حراست میں بھی لیا گیا تھا۔
Comments
0 comment