اتوار تک امن منصوبے پر رضامند نہ ہوئے تو جہنم بنادیں گے، ٹرمپ کی حماس کو دھمکی

ویب ڈیسک
|
3 Oct 2025
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حماس کو اتوار کی شام تک غزہ کے مستقبل سے متعلق ان کی پیش کردہ تجویز قبول کرنے کی ڈیڈلائن دے دی ہے۔
انہوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر یہ "آخری موقع" ضائع کیا گیا تو حماس کے خلاف ایسی تباہی برپا ہوگی جو دنیا نے پہلے کبھی نہیں دیکھی ہوگی۔
ٹرمپ نے جمعہ کو ٹروتھ سوشل پر لکھا کہ "اتوار کی شام 6 بجے (واشنگٹن وقت) تک حماس کو معاہدہ کرنا ہوگا۔ تمام ممالک اس پر دستخط کر چکے ہیں۔ اگر یہ آخری موقع ضائع ہوا تو جہنم برپا ہو جائے گی۔"
اس سے قبل ٹرمپ نے رواں ہفتے اعلان کیا تھا کہ حماس کو تین سے چار دن دیے جائیں گے تاکہ وہ 20 نکاتی فریم ورک پر جواب دے، جسے انہوں نے تنازع کے حل کے لیے روڈ میپ قرار دیا ہے۔
یاد رہے کہ اس منصوبے میں فوری جنگ بندی، حماس کے یرغمالیوں کے بدلے اسرائیلی جیلوں میں موجود فلسطینی قیدیوں کی رہائی، اسرائیلی فوج کا بتدریج غزہ سے انخلا، حماس کی عسکری صلاحیتوں کا خاتمہ اور ایک عبوری انتظامیہ کا قیام شامل ہے جسے ایک بین الاقوامی ادارہ نگرانی کرے گا۔
ذرائع کے مطابق حماس نے اس تجویز کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے، تاہم گروپ اس کے کچھ نکات میں تبدیلی چاہتا ہے، خاص طور پر وہ نکات جو اسلحہ ڈالنے اور عسکری ڈھانچے کے خاتمے سے متعلق ہیں۔
Comments
0 comment