بونڈی بیچ پر حملہ کرنے والوں نے ایک ماہ پہلے بھارتی پاسپورٹ پر کس ملک جاکر فوجی ٹریننگ لی؟ اہم انکشاف

بونڈی بیچ پر حملہ کرنے والوں نے ایک ماہ پہلے بھارتی پاسپورٹ پر کس ملک جاکر فوجی ٹریننگ لی؟ اہم انکشاف

یکم نومبر کو سڈنی سے فلپائن پہنچے اور 28 نومبر کو واپس روانہ ہوئے
بونڈی بیچ پر حملہ کرنے والوں نے ایک ماہ پہلے بھارتی پاسپورٹ پر کس ملک جاکر فوجی ٹریننگ لی؟ اہم انکشاف

ویب ڈیسک

|

16 Dec 2025

آسٹریلیا کے معروف ساحلی مقام بونڈی بیچ پر فائرنگ کے واقعے سے متعلق تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جس میں حملے میں ملوث افراد کے بیرونِ ملک قیام اور سرگرمیوں کا انکشاف کیا گیا ہے۔

فلپائن کے امیگریشن حکام کے مطابق مبینہ حملہ آور ساجد اکرم اور اس کا بیٹا نوید اکرم نومبر کے مہینے میں زیادہ تر وقت فلپائن میں موجود رہے۔ اس دوران دونوں افراد یکم نومبر کو سڈنی سے فلپائن پہنچے اور 28 نومبر کو واپس روانہ ہوئے۔ ان کے اس سفر کا مقصد تاحال تحقیقاتی عمل کا حصہ ہے۔

امیگریشن ریکارڈ کے مطابق ساجد اکرم نے فلپائن میں بھارتی شہری کے طور پر داخلہ لیا، جبکہ نوید اکرم آسٹریلوی پاسپورٹ ہولڈر ہے۔ دوسری جانب برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی نے دعویٰ کیا ہے کہ دونوں افراد نے فلپائن میں مبینہ طور پر عسکری نوعیت کی تربیت بھی حاصل کی، تاہم اس حوالے سے سرکاری سطح پر حتمی تصدیق سامنے نہیں آئی۔

آسٹریلوی پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے شواہد دہشت گردی کے پہلو کی طرف اشارہ کرتے ہیں اور ابتدائی تفتیش کے مطابق حملہ انتہا پسند سوچ سے متاثر ہو کر کیا گیا۔ پولیس کے مطابق بونڈی بیچ پر ایک مذہبی تقریب کے دوران فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں 15 افراد جان سے گئے جبکہ درجنوں زخمی ہوئے۔

تحقیقات کے دوران حملہ آوروں کی گاڑی سے دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد اور ایک شدت پسند تنظیم سے منسوب جھنڈے بھی برآمد کیے گئے ہیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر سڈنی کے مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جہاں بعض افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

ادھر آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیز نے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حملہ انتہا پسند نظریات کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی ادارے واقعے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں۔ اس واقعے کے بعد ملک میں اسلحہ قوانین کو مزید سخت کرنے اور سیکیورٹی اقدامات بڑھانے پر بھی غور شروع کر دیا گیا ہے۔

Comments

https://www.dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!