14 hours ago
مریم نواز کو بلاواسطہ قتل کی دھمکی دینے والا مذہبی جماعت کا کارکن گرفتار

ویب ڈیسک
|
22 Oct 2025
اسلام آباد پولیس نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (X) پر دھمکیاں دینے والے نوجوان محمد زعفران کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق، زعفران کو گلگت سے حراست میں لیا گیا، جس کے بعد اسے عدالت کے حکم پر 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ زعفران کا تعلق مذہبی سیاسی جماعت تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) سے ہے۔ اس کے خلاف مقدمہ پہلے ہی درج کیا جا چکا تھا، جبکہ وہ تھانہ ترنول میں 2021 میں درج ایک دہشت گردی کے مقدمے میں بھی مطلوب تھا۔
زعفران نے مرید کے کریک ٹاؤن کے بعد ایکس پر اپنی پوسٹ میں لکھا تھا کہ “ممتاز قادری جیسے شخص کو مریم نواز کی سیکیورٹی ٹیم کا حصہ ہونا چاہیے''۔
یہ ایک دھمکی تھی جو کہ سابق گورنر سلمان تاثیر کے قتل کے حوالے سے براہِ راست اشادہ تھا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے مذکورہ پوسٹ کو اپنے ایکس اکاؤنٹ پر ری پوسٹ کرتے ہوئے پولیس کو فوری کارروائی کی ہدایت دی، جس کے بعد اسلام آباد پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
گرفتاری کے بعد زعفران کا ایکس اکاؤنٹ پلیٹ فارم انتظامیہ کی جانب سے معطل کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب ملزم کی والدہ نے استور میں اپنے بیٹے کیلیے مظاہرہ کیا اور حکام سے روتے ہوئے معافی کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ بیٹے سے جذبات میں آکر غلطی ہوگئی ہے لہذا اسے معاف کیا جائے اور آئندہ وہ ایسی کوئی حرکت نہیں کرے گا۔
دوسری جانب، پنجاب حکومت نے حالیہ دنوں میں مریدکے اور لاہور میں ہونے والے ٹی ایل پی کے احتجاجی مظاہروں میں ملوث افراد کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔
متعدد شرپسندوں پر پولیس پر حملے اور انتہا پسندانہ مواد آن لائن پھیلانے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
Comments
0 comment