کراچی میں ٹریفک حادثات، کمسن بچی سمیت 4 جاں بحق

کراچی میں ٹریفک حادثات، کمسن بچی سمیت 4 جاں بحق

بلدیہ ٹاؤن میں گاڑی کی ٹکر سے کمسن بچی جاں بحق ہوئی
کراچی میں ٹریفک حادثات، کمسن بچی سمیت 4 جاں بحق

ویب ڈیسک

|

19 Dec 2025

کراچی کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں کمسن بچی سمیت چار افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بلدیہ اتحاد ٹاؤن میں تین سالہ بچی گاڑی کی ٹکر سے جاں بحق ہو گئی۔ ریسکیو حکام نے بچی کی شناخت آسیہ کے نام سے کی ہے۔

بچی کے ماموں کے مطابق اہل خانہ کو تاحال یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ حادثہ کیسے پیش آیا۔ پولیس کو اسپتال کی جانب سے واقعے کی اطلاع دی گئی، جہاں ضروری قانونی کارروائی کے بعد لاش اہل خانہ کے حوالے کر دی گئی۔

دوسرا واقعہ سہراب گوٹھ پل کے قریب پیش آیا، جہاں ایک نامعلوم شخص گاڑی کی ٹکر سے ہلاک ہو گیا۔ چیپا ایمبولینس نے موقع پر پہنچ کر لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ لاش بری طرح کچلی ہوئی تھی اور چہرہ ناقابلِ شناخت ہونے کے باعث شناخت اور بائیومیٹرک تصدیق ممکن نہ ہو سکی۔ قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد لاش اسپتال کی مردہ خانے میں رکھ دی گئی۔

تیسرا افسوسناک واقعہ گلشنِ اقبال میں کانٹی نینٹل بیکری کے قریب پیش آیا، جہاں نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہو گیا جس کی لاش جناح اسپتال منتقل کی گئی۔

پولیس کے مطابق متوفی کی شناخت 24 سالہ محمد سرفراز کے نام سے ہوئی ہے، جو گلشنِ اقبال کا رہائشی تھا۔

چوتھا حادثہ جمعہ کی صبح بلدیہ ٹاؤن کے علاقے رئیس گوٹھ میں کسٹمز چیک پوسٹ کے قریب پیش آیا، جہاں ایک ڈمپر نے کار کو ٹکر مار دی۔ حادثے میں کار کا ڈرائیور موقع پر ہی جان کی بازی ہار گیا۔ لاش سول اسپتال منتقل کی گئی۔ پولیس نے متوفی کی شناخت زیا اللہ ولد محمد نیاز کے طور پر کی ہے، جو حب چوکی کا رہائشی تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ تمام حادثات کے مقدمات کی تحقیقات کی جا رہی ہیں اور مفرور گاڑیوں اور ڈرائیورز کا سراغ لگانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

Comments

https://www.dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!