1 hour ago
کراچی میں ہیوی ٹریفک گردی میں 8 سالہ بچہ جاں بحق، مفرور ڈرائیور کیسے گرفتار ہوا؟
ویب ڈیسک
|
12 Dec 2025
کراچی میں بے لگام ہیوی ٹریفک کا سلسلہ نہ تھم سکا، کورنگی کے علاقے میں واٹر ٹینکر کی زد میں آکر ایک کمسن بچہ زندگی کی بازی ہار گیا۔
جمعے کی صبح کورنگی 100 کوارٹرز بنگالی پاڑا کے مرکزی بازار کے قریب پیش آنے والے حادثے میں 12 سالہ فرحان ولد نور محمد موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ ایدھی ٹیم نے بچے کی لاش کو جناح اسپتال منتقل کیا۔
افسوسناک واقعے کے بعد علاقہ مکین بڑی تعداد میں جمع ہوگئے اور مشتعل شہریوں نے متعلقہ واٹر ٹینکر کو گھیر لیا، جبکہ پولیس بھی فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور ڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔
اہلِ محلہ کے مطابق فرحان قریبی مدرسے کا طالبعلم اور آٹھ بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹا تھا۔ تعطیل کے باعث وہ محلے کے بچوں کے ساتھ قریبی میدان میں کھیل رہا تھا۔
متوفی کے دوست نے بتایا کہ فرحان نے کرائے پر سائیکل لی ہوئی تھی اور واپس کرنے جا رہا تھا کہ حادثہ پیش آگیا۔
عینی شاہدین کے مطابق، گلی میں تیز رفتار موٹر سائیکل سوار نے ہلکی ٹکر ماری، جس سے فرحان سائیکل سے گر پڑا اور اسی لمحے پیچھے سے آنے والے واٹر ٹینکر کے عقبی ٹائر اس پر چڑھ گئے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ کورنگی میں ہیوی ٹریفک کی بے قابو آمدورفت مسلسل خطرہ بنی ہوئی ہے، اور متعلقہ اداروں کی غفلت کے باعث آئے روز قیمتی جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔
ذمہ دار ڈرائیور موقع سے فرار ہوکر چھپ گیا تھا جسے پولیس نے تلاش کر کے عوامی کالونی تھانے کے حوالے کردیا۔
Comments
0 comment