وانا کیڈیٹ کالج میں حملہ، کئی گھنٹوں سے 3 خوارج کیخلاف آپریشن جاری
ویب ڈیسک
|
11 Nov 2025
وانا: کیڈٹ کالج وانا پر حملہ کرنے والے تین دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کا آپریشن دوسرے روز بھی جاری ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق حملہ آوروں کا تعلق افغانستان سے ہے اور وہ کارروائی کے دوران فون پر وہاں سے ہدایات وصول کر رہے تھے۔ دہشت گرد اس وقت کالج کی ایک دور دراز عمارت میں محصور ہیں جو کیڈٹس کی رہائش گاہوں سے کافی فاصلے پر واقع ہے۔
گزشتہ روز دہشت گردوں نے کالج کے مرکزی دروازے پر بارود سے بھری گاڑی ٹکرا دی تھی جس کے نتیجے میں شدید دھماکا ہوا۔ دھماکے سے گیٹ مکمل طور پر تباہ ہوگیا اور قریبی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔
فوجی جوانوں نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے دو حملہ آوروں کو ہلاک کردیا تھا، جب کہ ایک عمارت میں چھپے تین دہشت گردوں کے خلاف کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق حملے کے وقت 525 کیڈٹس سمیت لگ بھگ 650 افراد کیمپس میں موجود تھے۔
سیکیورٹی فورسز نے اب تک 115 افراد کو بحفاظت باہر نکال لیا ہے۔
سیکیورٹی اداروں نے علاقے کو مکمل گھیرے میں لے رکھا ہے اور دہشت گردوں کی نقل و حرکت روک دی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ تمام کیڈٹس محفوظ ہیں اور انہیں مرحلہ وار محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق کالج کے اندر اب بھی تقریباً 535 افراد موجود ہیں، تاہم کیڈٹس کے ہاسٹل اور رہائشی عمارتوں کو خطرے سے دور رکھا گیا ہے۔
سیکیورٹی فورسز نے والدین کو یقین دہانی کرائی ہے کہ تمام طلبہ محفوظ ہیں، آپریشن مکمل ہونے کے بعد انہیں بحفاظت گھروں تک پہنچایا جائے گا۔
Comments
0 comment