استنبول میں مذاکرات، افغانستان کی ہٹ دھرمی کے باعث ڈیڈ لاک برقرار

استنبول میں مذاکرات، افغانستان کی ہٹ دھرمی کے باعث ڈیڈ لاک برقرار

افغان طالبان نے پاکستان کی شرائط اور مطالبات سننے کے بعد کوئی جواب نہیں دیا
استنبول میں مذاکرات، افغانستان کی ہٹ دھرمی کے باعث ڈیڈ لاک برقرار

ویب ڈیسک

|

28 Oct 2025

ترکی کے شہر استنبول میں پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان جاری مذاکرات کے تیسرے روز بھی دونوں فریقین کی جانب سے کسی بھی حتمی نتیجے کے متعلق کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

پاکستان کے سرکاری میڈیا ’پاکستان ٹی وی‘ نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ مذاکرات کے تیسرے روز بھی مشکلات کا سامنا رہا۔

ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ افغان طالبان کا وفد پاکستان کے پیش کردہ مطالبات ماننے پر پوری طرح آمادہ نہیں حالانکہ میزبان ممالک بھی تسلیم کرتے ہیں کہ پاکستان کا موقف منصفانہ اور جائز ہے۔

سرکاری میڈیا کے مطابق، ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان وفد بار بار کابل انتظامیہ سے مشورہ کر رہا ہے اور ان کی جانب سے دی جانے والی ہدایات پر عمل کر رہا ہے۔ ’یہ کہنا مناسب ہو گا کہ وفد کو کابل سے کنٹرول کیا جا رہا ہے۔‘

پاکستان ٹی وی کے مطابق، ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستانی وفد کا اصرار ہے کہ یہ مطالبات سب کے مفاد میں ہیں اور میزبان ممالک کی جانب سے بھی افغان وفد کو یہی پیغام دیا گیا ہے۔

انھوں نے دعویٰ کیا کہ کابل انتظامیہ کی جانب سے کوئی حوصلہ افزا جواب نہ ملنے کے باعث تعطل پیدا ہوا ہے۔

سرکاری میڈیا نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ بظاہر ایسا لگتا ہے کہ کابل میں بعض عناصر ایک مختلف ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔

خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے پاکستان اور افغانستان کے درمیان دوحہ میں جنگ بندی پر اتفاق کیا گیا تھا تاہم پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ سکیورٹی وجوہات کے باعث افغانستان کے ساتھ تجارت بدستور بند ہے۔

اتوار کے روز پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا تھا کہ افغانستان سے دراندازی کی کوششوں کو ناکام بنایا گیا جس میں 25 شدت پسندوں کی ہلاکت ہوئی ہے۔

ایک بیان میں آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ٹی ٹی پی کے شدت پسندوں نے اسے وقت میں دراندازی کی کوشش کی ہے جب استبول میں مذاکرات جاری ہیں۔ پاکستانی فوج نے الزام لگایا ہے کہ سرحد پار شدت پسندی کے ایسے واقعات عبوری افغان حکومت کے ارادوں پر ’شکوک و شبہات پیدا کرتے ہیں۔‘

آئی ایس پی آر نے کہا کہ دوحہ معاہدے کے تحت عبوری افغان حکومت کو اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکنا ہے۔

 

 

Comments

https://www.dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!