سانحہ اے پی ایس کے 11 سال مکمل، زخم آج بھی تازہ
ویب ڈیسک
|
16 Dec 2025
سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کو 11 سال مکمل ہو گئے۔ 16 دسمبر 2014 کو پیش آنے والا یہ دلخراش واقعہ آج بھی پوری قوم کے لیے ایک گہرا زخم ہے، جب دہشت گردوں نے تعلیمی ادارے پر حملہ کر کے معصوم بچوں کو نشانہ بنایا۔
اس سفاک حملے میں 132 طلبہ، خواتین اساتذہ اور اسکول کے عملے سمیت مجموعی طور پر 147 افراد شہید ہوئے۔ یہ سانحہ پاکستان کی تاریخ کے المناک ترین واقعات میں شمار ہوتا ہے، جس نے ہر آنکھ کو اشکبار کر دیا۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ قوم آج ان معصوم بچوں اور عملے کو خراجِ عقیدت پیش کر رہی ہے جنہوں نے دہشت گردی کا نشانہ بن کر اپنی جانیں قربان کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شہداء کی یاد ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ اے پی ایس کے شہداء نے وطن کے روشن مستقبل کے لیے عظیم قربانی دی۔ ان کے مطابق اس اندوہناک سانحے نے قوم کو شدید رنج میں مبتلا کیا، تاہم یہ غم قومی عزم اور حوصلے کو توڑ نہ سکا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہی اس سانحے کے شہداء کے ساتھ حقیقی انصاف ہوگا، اور پوری قوم شہداء کے اہلِ خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے۔
برسی کے موقع پر ملک بھر میں دعائیہ تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جہاں شہداء کے درجات کی بلندی اور ملک میں امن و استحکام کے لیے دعائیں کی جا رہی ہیں۔
Comments
0 comment