پنجاب حکومت کا گٹر کے ڈھکن چرانے والوں کو 10 سال تک قید کی سزا دینے پر غور
ویب ڈیسک
|
4 Feb 2026
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اعلان کیا ہے کہ صوبائی حکومت مین ہول کور کی چوری، خرید و فروخت کو قابلِ سزا جرم قرار دینے کے لیے نیا قانون متعارف کرانے جا رہی ہے، جس کے تحت ایک سے دس سال تک قید کی سزا دی جا سکے گی۔
لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات ناگزیر ہو چکے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ کھلے مین ہولز کے باعث پیش آنے والے حادثات ناقابلِ قبول ہیں اور اس غفلت کی قیمت ذمہ دار افراد یا اداروں کو ادا کرنا ہوگی۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ اگر کسی شخص کی موت کھلے مین ہول میں گرنے کے باعث واقع ہو تو متعلقہ ذمہ داران کو قید کے ساتھ بھاری جرمانے کا بھی سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ یہ فیصلہ ان متعدد واقعات کے بعد کیا گیا ہے جن میں بچے اور دیگر افراد کھلے سیوریج مین ہولز میں گر کر زخمی یا جاں بحق ہوئے۔
ان کے مطابق یہ قانون صفائی، نگرانی اور عوامی سلامتی سے متعلق پنجاب حکومت کے جاری اقدامات کا حصہ ہوگا، جس میں نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق مجوزہ قانون جلد صوبائی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا اور منظوری کی صورت میں یہ پاکستان میں انفراسٹرکچر سے متعلق جرائم کے خلاف سخت ترین قوانین میں شمار ہوگا۔
Comments
0 comment