13 hours ago
میرے سارے رشتے دار اٹھا لو مگر جھکوں گا نہیں، عمران خان

ویب ڈیسک
|
26 Aug 2025
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے اڈیالہ جیل میں اپنی بہنوں علیمہ خان اور دیگر سے ملاقات کے دوران کہا کہ وہ کسی دباؤ میں نہیں جھکیں گے اور نہ ہی کوئی سمجھوتہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں تنہائی میں رکھنے یا ڈرانے سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔
علیمہ خان نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ چار ماہ بعد بہنوں کی ملاقات بانی پی ٹی آئی سے ہوئی۔ انہوں نے کارکنان کا شکریہ ادا کیا جو مسلسل ان کے ساتھ کھڑے رہے۔ ملاقات میں وکلا سلمان اکرم راجا، بیرسٹر گوہر اور علی ظفر بھی شریک تھے۔
عمران خان کی صحت ٹھیک ہے، البتہ ان کی آنکھ میں مسئلہ ہے، جس کے علاج کے لیے پمز اسپتال کے ڈاکٹرز معائنہ کریں گے۔ علیمہ خان نے بتایا کہ عمران خان نے عدلیہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر ججوں کا ضمیر ہوتا تو اتنا ظلم نہ ہوتا۔ انہوں نے شیر شاہ اور شاہریز کی گرفتاری کی ذمہ داری بھی عدلیہ پر عائد کی۔
عمران خان نے کہا کہ ان کے خلاف سزائیں اور نااہلیاں بے مثال ہیں۔ انہوں نے میڈیا پر کنٹرول اور کرکٹ کی تباہی کا الزام محسن نقوی پر لگایا۔ انہوں نے وزیرستان میں فوجی آپریشن روکنے کا مطالبہ کیا، کیونکہ اس سے عدم استحکام بڑھے گا۔ انہوں نے افغان مہاجرین کو ملک بدر کرنے کو اسلامی روایات کے خلاف قرار دیتے ہوئے اس پر شرمندگی کا اظہار کیا۔
عمران خان نے بلین ٹری پروجیکٹ کی اہمیت پر زور دیا اور بونیر سمیت دیگر علاقوں میں سیلاب کی تباہی پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے پارٹی کو پارلیمانی کمیٹیوں سے مستعفی ہونے اور ضمنی انتخابات میں حصہ نہ لینے کی ہدایت کی، کیونکہ اس سے انتخابات کو قانونی جواز ملے گا۔
علیمہ خان کے مطابق، سلمان اکرم راجا کا استعفیٰ مسترد کر دیا گیا۔ عمران خان نے سیاسی کمیٹی کا اجلاس دوبارہ بلانے کی ہدایت کی اور کہا کہ پارٹی مشاورت کے بعد وہ حتمی فیصلہ کریں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ضمنی انتخابات کا بائیکاٹ ضروری ہے، لیکن پارٹی میں مختلف رائے کو بھی ملحوظ خاطر رکھا جائے گا۔ بشریٰ بی بی کی صحت ٹھیک ہے اور عدالت میں ماحول بہتر تھا۔
Comments
0 comment