افغان سرزمین کا پاکستان کے خلاف استعمال ناقابلِ برداشت ہے، وزیر اعلیٰ سندھ

Webdesk
|
12 Oct 2025
کراچی: وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے افغانستان کی جانب سے حالیہ جارحیت پر سخت ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور قومی وقار پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
و زیراعلی سندھ نے کہا کہ افغان سرزمین کا پاکستان کے خلاف استعمال ناقابلِ برداشت اور تشویشناک ہے۔ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے افغان حکومت کو فوری اور عملی اقدامات اٹھانے ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ خطے کے امن و استحکام کے لیے پاکستان کا کردار ہمیشہ تعمیری اور مخلصانہ رہا ہے، تاہم پاکستان کے خلاف افغان سرزمین کا استعمال بین الاقوامی اصولوں اور باہمی احترام کے منافی ہے۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ دہشت گردی ایک عالمی چیلنج ہے، جس کے خلاف تمام ممالک کو متحد ہوکر لڑنا ہوگا۔ افغانستان کی اشتعال انگیزی خطے میں تنازعات اور بداعتمادی کو جنم دے رہی ہے۔
وزیراعلی سندھ نے زور دیا کہ افغان حکومت اپنی سرزمین کو دہشت گرد عناصر کے استعمال سے فوری طور پر روکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے افغان عوام کے ساتھ ہمیشہ خیرسگالی، تعاون اور بھائی چارے کا مظاہرہ کیا ہے، تاہم افغان قیادت پاکستان کے صبر و تحمل کو کمزوری نہ سمجھے۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے مگر اپنی خودمختاری کے تحفظ سے ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ علاقائی امن، باہمی احترام اور ذمہ دارانہ رویے ہی خطے کے دیرپا استحکام کی ضمانت ہیں۔
Comments
0 comment