بحیرہ عرب میں شدید دباؤ، پاکستانکی ساحلی پٹی کو خطرہ ہے؟
ویب ڈیسک
|
24 Oct 2025
محکمۂ موسمیات پاکستان (PMD) کے مطابق بحیرۂ عرب کے جنوب مشرقی حصے میں موجود دباؤ شمال مشرق کی جانب بڑھ رہا ہے اور اس کا پاکستان کے ساحلی علاقوں پر کوئی اثر یا خطرہ نہیں۔
محکمہ کے بیان میں کہا گیا کہ یہ نظام گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شمال مشرقی سمت میں منتقل ہوا ہے اور اس وقت 13.3 درجے شمالی عرض بلد اور 70.5 درجے مشرقی طول بلد پر موجود ہے، جو کراچی سے تقریباً 1340 کلومیٹر جنوب مشرق اور بھارت کے علاقے لکشدیپ سے 340 کلومیٹر شمال مغرب میں واقع ہے۔
محکمۂ موسمیات نے بتایا کہ اگلے 24 گھنٹوں کے دوران یہ نظام مشرقی اور وسطی بحیرۂ عرب کی سمت مزید آگے بڑھے گا۔
محکمہ نے واضح کیا کہ پاکستان کے کسی بھی ساحلی علاقے کو فی الحال کوئی خطرہ لاحق نہیں، تاہم کراچی میں قائم سائیکلون وارننگ سینٹر اس موسمِی نظام کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے اور کسی بھی نئی پیش رفت پر متعلقہ اداروں کو آگاہ کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ اکتوبر کے آغاز میں بحیرۂ عرب میں کم دباؤ کا ایک نظام بن کر ڈپریشن میں تبدیل ہوا تھا جس سے سمندر میں شدید لہریں اور خراب موسمی حالات پیدا ہوئے تھے، بعدازاں یہی نظام طاقتور طوفان “شکتی” میں تبدیل ہو گیا تھا۔
Comments
0 comment