7 hours ago
حجاب کی بے حرمتی، زائرہ وسیم بہار کے وزیر اعلیٰ پر برس پڑیں
Webdesk
|
16 Dec 2025
بہار کے وزیراعلی نتیش کمار کو حجاب تنازع پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، سابق بھارتی اداکارہ زائرہ وسیم نے بھی ان سے باقاعدہ معافی کا مطالبہ کردیا ہے، جب کہ سابق کرکٹر عرفان پٹھان نے بھی عقیدے کے احترام پر زور دیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق یہ ردِعمل اس وقت سامنے آیا جب 16 دسمبر کو پٹنہ میں ہونے والی ایک سرکاری تقریب کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئی۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بہار کے وزیراعلی نتیش کمار ایک ڈاکٹر کو سرٹیفکیٹ دے رہے ہیں اور اسی دوران اشارے سے ان سے نقاب ہٹانے کا کہہ رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ خاتون کے فوری ردِعمل نہ دینے پر خود آگے بڑھ کر ان کا نقاب نیچے کر دیتے ہیں، جس سے ان کا منہ اور ٹھوڑی سب کے سامنے عیاں ہوجاتی ہے۔
یہ منظر سامنے آتے ہی ملک بھر میں شدید ردِعمل دیکھنے میں آیا، جہاں سوشل میڈیا صارفین، سماجی حلقوں اور عوامی شخصیات نے ذاتی حدود، رضامندی اور مذہبی اقدار کے احترام پر سوالات اٹھائے۔
زائرہ وسیم بھی اس واقعے پر خاموش نہ رہ سکیں، انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک سخت بیان میں کہا کہ کسی بھی عورت کی عزت اور وقار کو، خاص طور پر عوامی مقام پر، کبھی معمولی نہیں سمجھا جانا چاہیے۔
زائرہ وسیم نے اس عمل کو ذاتی حدود کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ طاقت یا عہدہ کسی کو یہ حق نہیں دیتا کہ وہ کسی عورت کے حجاب یا پردے میں مداخلت کرے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلی نتیش کمار اس ڈاکٹر کو غیر مشروط معافی کے پابند ہیں۔
جبکہ عرفان پٹھان نے ایکس پر لکھا کہ مہذب معاشرے میں باہمی طور پر عقیدے کا احترام کم از کم توقع ہونی چاہیے۔
Comments
0 comment