شوبز شخصیات کو حج یا عمرہ ادائیگی میں مشکلات، گلوکار صنم ماروی نے خاموشی توڑ دی
’لوگ یہ بات کیوں نہیں سمجھتے کہ موسیقی ہمارا پیشہ اور ہماری روزی کا ذریعہ ہے‘

کراچی: معروف صوفی اور لوک گلوکارہ صنم ماروی نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں حج اور عمرہ جیسے مذہبی فرائض کی ادائیگی کے دوران شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
حال ہی میں ایک نجی ٹی وی چینل پر اپنے انٹرویو میں ان کا کہنا ہے کہ ان کا تعلق شوبز اور موسیقی کی صنعت سے ہونے کی وجہ سے سوشل میڈیا پر بعض حلقے ان کے مذہبی رجحان پر منفی تبصرے کرتے ہیں۔
صنم ماروی نے کہا کہ جب بھی وہ عمرہ یا حج کے لیے جاتی ہیں تو لوگ کہتے ہیں کہ "یہ سارا سال گانے گاتی ہے اور اب مذہبی فریضے ادا کرنے نکل پڑی ہے،" یا "یہ عمرہ سے واپس آ کر پھر سے گانے لگے گی۔"
گلوکارہ نے اس رویے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لوگ یہ بات کیوں نہیں سمجھتے کہ موسیقی ہمارا پیشہ اور ہماری روزی کا ذریعہ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس طرح کی ٹرولنگ کے باوجود وہ خاموش رہنا بہتر سمجھتی ہیں اور ان کا جواب نہیں دیتیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تنقید کرنے والے یہ نہیں جانتے کہ ان کے کام میں کتنی لگن اور محنت شامل ہوتی ہے۔
صنم ماروی موسیقی کی دنیا میں ایک نمایاں نام ہیں اور ان کے یہ خیالات فنکاروں کو درپیش ان چیلنجز کو اجاگر کرتے ہیں جہاں انہیں اپنے پیشہ ورانہ کیریئر اور ذاتی ایمان میں توازن برقرار رکھنے کی کوششوں پر بھی تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
واضح رہے کہ یہ پہلی بار نہیں بلکہ اس سے قبل متعدد شوبز شخصیات اس بات کا شکوہ کرچکی ہیں کہ انہیں حج یا عمرے کے دوران لوگوں نے پکڑ پکڑ کر حیرانی سے سوالات کیے اور کیریئر پر تبصرے بھی کیے تھے۔
Comments
0 comment