مارینہ خان ڈیٹنگ شو ’لازوال عشق‘ کے دفاع میں آگئیں

ویب ڈیسک
|
22 Sep 2025
پاکستان کی سینئر اداکارہ مارینہ خان نے ڈیٹنگ شو ’لازوال عشق‘ پر ہونے والی تنقید کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگرچہ یہ پروگرام ٹی وی کے لیے موزوں نہیں ہے، لیکن آن لائن پلیٹ فارمز پر نشر کرنے کے لیے بالکل مناسب ہے۔
مارینہ خان نے ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بطور پینلسٹ شرکت کی، جہاں ان کے ساتھ نادیہ خان اور عتیقہ اوڈھو بھی موجود تھیں۔ تینوں فنکاراؤں نے مختلف تفریحی مواد پر اپنی رائے کا اظہار کیا۔
جب میزبان نے ان سے پاکستان میں نشر ہونے والے ڈیٹنگ شو پر رائے پوچھی تو پینلسٹس نے تجسس اور دلچسپی کا اظہار کیا اور یہ سوال بھی اٹھایا کہ آیا شو کے شرکا ایک ہی چھت تلے رہیں گے اور آخر میں شادی بھی کریں گے۔
میزبان نے وضاحت کی کہ شرکا مختلف ٹاسک مکمل کریں گے، بعض اوقات جوڑوں میں، اور وقت کے ساتھ یہ جوڑیاں بدلتی رہیں گی۔ اگر دو افراد کے درمیان جذبات پروان چڑھیں تو شو آگے بڑھے گا اور آخر میں جیتنے والے جوڑے کا اعلان کیا جائے گا۔
تاہم جب شو پر ہونے والی عوامی تنقید کا ذکر آیا تو مارینہ خان برہم ہو گئیں۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح کے ردعمل کی وجہ سے ڈرامہ ’برزخ‘ کو بھی یوٹیوب پر پابندی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
انہوں نے پاکستانی ناظرین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اپنے ملک کے لوگوں کی جرات مندانہ کاوشوں پر اعتراض کیا جاتا ہے لیکن دوسروں کا ایسا ہی مواد شوق سے دیکھا جاتا ہے۔
مارینہ خان نے کہا: "ہم اپنے لوگوں کو ایسے شوز کرتے دیکھ کر شرمندہ ہو جاتے ہیں، لیکن دوسروں کا بنایا ہوا ایسا ہی مواد مزے سے دیکھتے ہیں۔"
Comments
0 comment