غزہ میں مظالم کا ذمہ دار اسرائیل کے ساتھ مودی بھی ہے، بھارتی اداکار

غزہ میں مظالم کا ذمہ دار اسرائیل کے ساتھ مودی بھی ہے، بھارتی اداکار

بھارت میں فلسطینیوں کے حق میں مظاہرہ، مودی پرشدید تنقید
غزہ میں مظالم کا ذمہ دار اسرائیل کے ساتھ مودی بھی ہے، بھارتی اداکار

ویب ڈیسک

|

21 Sep 2025

بھارت کے معروف اداکار پراکش راج نے فلسطین میں جاری مظالم کی ذمہ داری اسرائیل کے ساتھ ساتھ امریکا اور بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی پر بھی ڈال دی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 19 ستمبر کو چنئی میں فلسطین کے حق میں ایک بڑے احتجاجی مارچ اور جلسے کا انعقاد ہوا جس میں مختلف سیاسی جماعتوں، سماجی تنظیموں اور شہریوں کے علاوہ فلمی دنیا کی شخصیات نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر اداکار ستھیاراج، پراکش راج اور ہدایتکار ویتری ماران بھی موجود تھے۔

پراکش راج نے خطاب میں کہا کہ یہ اجتماع صرف سیاست نہیں بلکہ انسانیت کی آواز ہے۔ اگر مظلوم کے حق میں بولنا سیاست ہے تو ہم یہ سیاست کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین میں ہو رہا ظلم صرف اسرائیل کا قصور نہیں بلکہ امریکا کی پالیسیوں اور بھارتی وزیراعظم مودی کی خاموشی نے بھی اس ناانصافی کو بڑھایا ہے۔

انہوں نے ایک نظم پڑھتے ہوئے کہا کہ "جنگیں ختم ہو جائیں گی، رہنما ہاتھ ملا کر چلے جائیں گے، لیکن ایک ماں اپنے بیٹے کا انتظار کرے گی، ایک بیوی شوہر کو ڈھونڈے گی اور بچے اپنے والد کی راہ دیکھیں گے، یہی اصل حقیقت ہے۔"

اسی دوران اداکار ستھیاراج نے غزہ پر بمباری کو "انسانیت کے خلاف جرم" قرار دیتے ہوئے سوال اٹھایا کہ "رہائشی علاقوں، اسکولوں اور اسپتالوں پر بم کیسے گرائے جا سکتے ہیں؟ ایسے ظلم کے بعد لوگ سکون سے کیسے سو جاتے ہیں؟"

انہوں نے عالمی برادری خصوصاً اقوام متحدہ پر زور دیا کہ اس قتلِ عام کو فوری طور پر روکا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ فنکاروں کا فرض ہے کہ وہ ایسے مظاہروں میں شریک ہوں تاکہ ان کی شہرت انسانیت کے کام آ سکے۔

ہدایتکار ویتری ماران نے بھی اسرائیل کی کارروائیوں کو "منصوبہ بند نسل کشی" قرار دیتے ہوئے کہا کہ "غزہ میں نہ صرف انسان بلکہ زیتون کے درخت تک تباہ کیے جا رہے ہیں جو لوگوں کی روزی کا ذریعہ ہیں۔"

Comments

https://www.dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!