برطانیہ میں پہلی بار فلسطینی سفارت خانہ کھل گیا

برطانیہ میں پہلی بار فلسطینی سفارت خانہ کھل گیا

فلسطینی مشن کو سفارت خانے کا ترجمہ دے دیا گیا، پرچم کشائی کی تقریب
برطانیہ میں پہلی بار فلسطینی سفارت خانہ کھل گیا

ویب ڈیسک

|

23 Sep 2025

برطانیہ نے فلسطینی اتھارٹی کے مشن کو باضابطہ طور پر سفارتخانے کا درجہ دے دیا ہے، جس کے بعد عمارت پر پہلی بار فلسطینی پرچم بھی لہرا دیا گیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانیہ یہ اعزاز دینے والا پہلا ملک ہے جس نے فلسطینی مشن کو مکمل سفارتی حیثیت دی۔ اس موقع پر لندن میں ایک باوقار تقریب منعقد ہوئی جس میں فلسطینی سفیر حسام زملوط اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فلسطینی سفیر نے کہا کہ آج کا دن قومی جدوجہد کی تاریخ میں ایک نمایاں سنگ میل ہے۔ انہوں نے برطانوی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام نہ صرف تاریخی ناانصافیوں کا ازالہ ہے بلکہ فلسطینی عوام کے آزادی، وقار اور بنیادی انسانی حقوق کی جدوجہد کو ایک نئی طاقت بھی فراہم کرتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ فیصلہ اس وقت غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے جب فلسطینی عوام غزہ میں فضائی حملوں، بھوک اور مغربی کنارے میں روزانہ کے جبر اور زمینوں پر قبضے جیسے مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔

فلسطینی پرچم کے رنگوں کی وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاہ غم کی علامت ہے، سفید امید کی، سبز فلسطین کی سرزمین جبکہ سرخ رنگ قربانیوں کی نمائندگی کرتا ہے۔

واضح رہے کہ آج نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹرز میں سعودی عرب اور فرانس کی میزبانی میں عالمی رہنماؤں کا اجلاس جاری ہے، جہاں متعدد مغربی ممالک فلسطینی ریاست کو باضابطہ طور پر تسلیم کرنے کا اعلان کریں گے۔

Comments

https://www.dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!