امریکی صدر نے کسی آرمی چیف کی ایسے تعریف نہیں کی جیسے فیلڈ مارشل کی ہورہی ہے، شاہد آفریدی

امریکی صدر نے کسی آرمی چیف کی ایسے تعریف نہیں کی جیسے فیلڈ مارشل کی ہورہی ہے، شاہد آفریدی

شاہد آفریدی کی سوشل میڈیا پر جھوٹ پھیلانے والوں پر تنقید
امریکی صدر نے کسی آرمی چیف کی ایسے تعریف نہیں کی جیسے فیلڈ مارشل کی ہورہی ہے، شاہد آفریدی

ویب ڈیسک

|

8 Nov 2025

پاکستان کے سابق کپتان اور معروف کرکٹر شاہد آفریدی نے لندن میں ایک تقریب کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر اور پاکستان کی مسلح افواج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ “ہماری فوج دنیا کی معتبر ترین فورسز میں سے ایک ہے، جو ملک کی خودمختاری کے تحفظ کے لیے اپنی جانیں قربان کر رہی ہے۔”

شاہد آفریدی نے کہا کہ فوج کے اہلکار اپنی زندگیوں کو خطرے میں ڈال کر وطن کا دفاع کرتے ہیں، جب کہ ان کے اپنے بچے ان کی غیر موجودگی کا دکھ سہتے ہیں۔

انہوں نے کہا، “پاکستانی ہونے کے ناتے ہمیں اپنی فوج کے کردار کو تسلیم کرنا چاہیے اور باہمی تعاون سے ایک مضبوط قوم بننا چاہیے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ “میں نے آج تک کسی امریکی صدر کو اپنی فوج یا وزیرِاعظم کی اتنی تعریف کرتے نہیں سنا جتنی ہمارے ہاں کی جاتی ہے۔”

شاہد آفریدی نے کہا کہ 10 مئی کے بعد پاکستان کا عالمی وقار نمایاں طور پر بڑھا ہے، جب پاک فضائیہ نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے دشمن کے طیارے گرائے اور اسے جنگ بندی پر مجبور کیا۔

اپنے خطاب میں انہوں نے قوم کی خود انحصاری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ “ہمیں تعلیم اور کھیلوں کے ذریعے اپنے پاؤں پر کھڑا ہونا ہوگا، نہ کہ آئی ایم ایف کے قرضوں پر انحصار کرنا۔”

آفریدی نے وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز کی کارکردگی کو بھی سراہا اور ان کے ناقدین کو جواب دیتے ہوئے کہا، “لوگ انہیں ٹک ٹاکر کہتے ہیں، لیکن کم از کم وہ کام تو کر رہی ہیں۔”

انہوں نے امید ظاہر کی کہ خیبر پختونخوا کے نئے وزیرِاعلیٰ سہیل آفریدی بھی عوامی خدمت میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔

شاہد آفریدی نے سوشل میڈیا پر جھوٹ پھیلانے والوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا، “میں حرام پیسے سے اپنے بچوں کا پیٹ نہیں پالوں گا۔ جھوٹ بول کر سوشل میڈیا سے کمائی کرنے والوں کو شرم آنی چاہیے۔”

انہوں نے بیرونِ ملک بیٹھے یوٹیوبرز پر بھی کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا، “یہ وہی لوگ ہیں جو پاکستان نہ چھوڑنے کے دعوے کرتے تھے، مگر اب باہر بیٹھ کر وطن کے خلاف زہر اگل رہے ہیں۔ اگر ہمت تھی تو پاکستان میں رہ کر بات کرتے۔”

Comments

https://www.dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!