اورنگی ٹاؤن میں ڈکیتی مزاحمت پر باپ قتل، بچے بے بسی سے دیکھتے رہے

ویب ڈیسک
|
29 Sep 2025
کراچی: اورنگی ٹاؤن سیکٹر 11 میں ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر ایک شخص کو اس کے بچوں کے سامنے گولی مار کر ہلاک کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق جاں بحق شخص کی شناخت سجاد شوکت کے نام سے ہوئی ہے جو فیصل آباد کا رہائشی تھا۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ اپنے گھر کے دروازے پر بچوں کے ساتھ کھڑا تھا کہ دو مسلح ملزمان موٹرسائیکل پر وہاں پہنچے۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سفید شلوار قمیض اور ٹوپی پہنے ایک ملزم موٹر سائیکل سے اتر کر سجاد کے قریب آیا اور مزاحمت پر قریب سے گولی چلا دی۔ فوٹیج میں یہ بھی دیکھا گیا کہ ایک بچہ مقتول کی گود میں اور دوسرا برابر کھڑا تھا۔ گولی لگتے ہی سجاد موقع پر گر پڑا جبکہ گود میں موجود بچہ خوفزدہ ہو کر گھر کے اندر بھاگ گیا۔
پولیس حکام کے مطابق حملہ آور کا چہرہ فوٹیج میں واضح طور پر دکھائی دے رہا ہے تاہم موٹر سائیکل چلانے والے دوسرے ملزم کی شناخت مشکل ہے۔
واقعے کے بعد ڈی آئی جی ویسٹ نے غفلت برتنے پر اقبال مارکیٹ تھانے کے ایس ایچ او کو معطل اور عہدے سے تنزلی کی سزا دے دی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی کی مدد سے ملزمان کو گرفتار کرنے کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
Comments
0 comment