58 mins ago
سرجانی ٹاؤن میں ماں اور 3 کمسن قتل، شوہر کا بہنوئی گرفتار، ذیادتی کی ناکام کوشش پر واردات کی
ویب ڈیسک
|
17 Sep 2026
کراچی: سرجانی ٹاؤن میں ماں اور اس کے تین کمسن بچوں کے قتل کا مقدمہ پولیس نے حل کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے مقتولہ کے شوہر دانش کے بہنوئی ہمایوں کو گرفتار کرلیا۔
ڈی آئی جی ویسٹ عرفان بلوچ نے ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی اور ایس پی انویسٹی گیشن ویسٹ مسرور جوتی کے ہمراہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ زیر حراست ملزم ہمایوں کو باضابطہ طور پر گرفتار کرلیا گیا ہے، جبکہ اس کی نشاندہی پر مبینہ آلۂ قتل بھی برآمد کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزم نے دوران تفتیش ماں اور تینوں بچوں کے قتل میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے۔ ڈی آئی جی ویسٹ کے مطابق ملزم ہمایوں مقتولہ مہوش سے مبینہ طور پر ناجائز تعلقات قائم کرنا چاہتا تھا۔
پولیس کے بیان کے مطابق واقعے کے روز ملزم نے مہوش کے ساتھ مبینہ طور پر زبردستی کی کوشش کی، جس پر خاتون نے مزاحمت کرتے ہوئے اسے تھپڑ مارے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے تشدد کیا، جس کے نتیجے میں مہوش اور اس دوران رونے والی 18 ماہ کی بچی اشمیرہ جاں بحق ہوگئیں۔
پولیس کے مطابق اسی دوران دونوں دیگر بچے مدرسے سے گھر پہنچے اور صورتحال دیکھ کر رونے اور شور کرنے لگے، جس پر ملزم نے مبینہ طور پر انہیں بھی قتل کردیا۔
ڈی آئی جی ویسٹ کے مطابق واردات کے بعد ملزم نے مبینہ آلۂ قتل گھر میں دھویا اور وہاں سے چلا گیا، جبکہ بعد میں آلۂ قتل کو گھر سے دور ایک نالے میں پھینک دیا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کی گرفتاری جدید ٹیکنالوجی اور واقعاتی شواہد کی مدد سے عمل میں لائی گئی، جبکہ برآمد کیے گئے شواہد کی بنیاد پر مزید تفتیش جاری ہے۔
Comments
0 comment