پروفیسر کو دھمکیاں دینے کا کیس، ملزم کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور
ویب ڈیسک
|
11 Sep 2026
جوڈیشل مجسٹریٹ ملیر نے جامعہ کراچی کے پروفیسر عارف ساقی کو موبائل فون پر مبینہ دھمکیاں دینے کے مقدمے میں گرفتار ملزم کونین شاہ کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
پولیس نے ملزم کو عدالت میں پیش کیا اور مزید تفتیش کے لیے جسمانی ریمانڈ کی درخواست کی۔ تفتیشی افسر نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزم سے مزید تفتیش، موبائل فون کی برآمدگی اور مقدمے سے متعلق دیگر افراد کی گرفتاری مطلوب ہے۔
مدعی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزم نے عبوری ضمانت کے بعد مبینہ طور پر مدعی کو دھمکیاں دیں اور ضمانت کا غلط استعمال کیا۔ وکیل کے مطابق مرکزی مقدمے میں ملزم سے اسلحہ بھی برآمد کرنا ہے۔
دوسری جانب ملزم کے وکیل نے مقدمے کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ تفتیشی افسر نے نہ مدعی کو عدالت میں پیش کیا اور نہ ہی مبینہ دھمکی آمیز پیغام پیش کیا۔ وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزم کا موبائل نمبر ہوٹل کے کاؤنٹر پر درج تھا، جسے کوئی دوسرا شخص بھی استعمال کرسکتا ہے۔
ملزم کے وکیل نے دعویٰ کیا کہ پولیس اہلکار رات گئے متعدد گاڑیوں میں ملزم کے گھر پہنچے اور اسے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا، تاہم ضمانت ہونے کی وجہ سے اسے پولیس کے حوالے نہیں کیا گیا۔ وکیل نے ملزم کو گھر سے حراست میں لیے جانے سے متعلق ایک ویڈیو بھی عدالت میں پیش کی۔
سماعت کے دوران وکیل نے مزید مؤقف اختیار کیا کہ واقعے سے متعلق سوشل میڈیا پر مختلف ویڈیوز چلائی جارہی ہیں، جن کا فرانزک نہیں کرایا گیا، جبکہ ملزم کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کا الزام بھی عائد کیا۔
عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ریمانڈ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا اور بعد ازاں ملزم کونین شاہ کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
Comments
0 comment