9 hours ago
دبئی سے پنجاب لایا جانے والا انڈر ورلڈ کا خطرناک رکن طیفی بٹ مبینہ طور پر ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک

ویب ڈیسک
|
11 Oct 2025
رحیم یار خان: سی سی ڈی لاہور کے مبینہ پولیس مقابلے میں بدنام زمانہ گینگسٹر خواجہ تعریف گلشن عرف طیفی بٹ ہلاک ہوگیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق طیفی بٹ کو لاہور سے رحیم یار خان منتقل کیا جا رہا تھا کہ راستے میں تھانہ کوٹ سبزل، صادق آباد کے قریب اس کے ساتھیوں نے قافلے پر حملہ کر دیا۔ فائرنگ کے دوران مبینہ طور پر طیفی بٹ اپنے ہی ساتھیوں کی گولی لگنے سے موقع پر ہلاک ہوگیا۔
واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، جبکہ طیفی بٹ کی لاش کو مردہ خانے منتقل کر دیا گیا۔
پولیس نے فرار ہونے والے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے، جو ڈی ایس پی سی سی ڈی ماڈل ٹاؤن لاہور سید حسین حیدر کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ ایف آئی آر کے مطابق، دورانِ منتقلی دو گاڑیوں میں سوار ملزمان نے پولیس وین پر فائرنگ کی، جس سے ایک کانسٹیبل نور زخمی ہوگیا۔ بعد ازاں حملہ آور طیفی بٹ کو ہتھکڑیوں سمیت اپنی گاڑی میں ڈال کر فرار ہوگئے۔
دوسری جانب، لاہور پولیس نے گوگی بٹ کی گرفتاری کے لیے اس کے گھر پر چھاپہ مارا، تاہم وہ ساتھیوں سمیت پہلے ہی فرار ہو چکا تھا۔ پولیس ذرائع کے مطابق گوگی بٹ گزشتہ کئی دنوں سے زیرِ زمین تھا اور اس کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
ادھر گوگی بٹ کی پرانی رہائش گاہ گوال منڈی کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کی۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے گولیوں کے خول قبضے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
Comments
0 comment