8 hours ago
کراچی میں 3 دن کے دوران تقریبا 13 ہزار چالان کٹ گئے
ویب ڈیسک
|
30 Oct 2025
کراچی: ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے کراچی میں ای چالان سسٹم کے نفاذ کے بعد شہر میں صرف تین دنوں کے دوران 12 ہزار 942 خلاف ورزیوں پر چالان جاری کیے گئے ہیں۔
ٹریفک پولیس کے جاری کردہ تازہ اعدادوشمار کے مطابق، ای چالان سسٹم کے تیسرے روز بھی شہریوں کی جانب سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیاں بڑی تعداد میں رپورٹ ہوئیں، اور صرف ایک دن میں 5 ہزار 979 چالان جاری کیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق، تیسرے روز سب سے زیادہ خلاف ورزیاں سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر ہوئیں جن کی تعداد 3 ہزار 258 رہی، جبکہ ہیلمٹ کے بغیر موٹر سائیکل چلانے پر 1 ہزار 294 چالان جاری کیے گئے۔
اسی طرح اوور اسپیڈنگ کے 655، سگنل توڑنے کے 357، اور ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون کے استعمال پر 216 چالان درج کیے گئے۔
ذرائع کے مطابق، ای چالان سسٹم کے تحت خودکار کیمرہ مانیٹرنگ کے ذریعے خلاف ورزیاں ریکارڈ کی جا رہی ہیں، اور چالان کی تفصیلات گاڑی کے رجسٹرڈ پتہ پر بھیجی جاتی ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ای چالان سسٹم کا مقصد شہریوں میں نظم و ضبط پیدا کرنا اور حادثات میں کمی لانا ہے۔ تاہم، ابتدائی دنوں میں بڑی تعداد میں خلاف ورزیاں یہ ظاہر کرتی ہیں کہ عوام کو ابھی تک نئے نظام کے تحت ٹریفک قوانین کی پابندی کا شعور پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق، شہری اگر مقررہ مدت میں چالان جمع نہ کروائیں تو ان کے خلاف اضافی جرمانہ یا گاڑی کی رجسٹریشن معطل کیے جانے کی کارروائی بھی کی جا سکتی ہے۔
حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سیٹ بیلٹ اور ہیلمٹ کے استعمال کو یقینی بنائیں، رفتار کی حد کی پابندی کریں اور سگنل توڑنے سے گریز کریں تاکہ شہر میں محفوظ ڈرائیونگ کلچر کو فروغ دیا جا سکے۔
Comments
0 comment