غالب ریسٹورنٹ میں بدسلوکی کا واقعہ، متاثرہ خاتون سامنے آگئیں

غالب ریسٹورنٹ میں بدسلوکی کا واقعہ، متاثرہ خاتون سامنے آگئیں

ریسٹورنٹ میں دو روز قبل بدسلوکی اورتشدد کا واقعہ پیش آیا تھا
غالب ریسٹورنٹ میں بدسلوکی کا واقعہ، متاثرہ خاتون سامنے آگئیں

ویب ڈیسک

|

18 Dec 2025

کراچی کے علاقے ٹیپو سلطان روڈ پر واقع غالب ریسٹورنٹ میں پیش آنے والے ایک ناخوشگوار واقعے نے سوشل میڈیا پر ہلچل مچا دی ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق ریسٹورنٹ کے عملے اور انتظامیہ نے گاہکوں کے ساتھ بدتمیزی اور تشدد کا رویہ اختیار کیا، جسے وہاں موجود کئی افراد نے اپنی آنکھوں سے دیکھا۔

ایک خاتون نے واقعے کی تفصیل سوشل میڈیا پر شیئر کی، جس کے بعد عوامی غصہ سامنے آیا اور صارفین نے غالب ریسٹورنٹ کے بائیکاٹ کا مطالبہ شروع کر دیا۔

خاتون کے مطابق وہ اپنے خاندان کے ساتھ والد کی سالگرہ منانے کے لیے ریسٹورنٹ گئی تھیں، مگر خوشی کا یہ موقع ایک تکلیف دہ تجربے میں بدل گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے دیکھا کہ عملہ گاہکوں کو گالیاں دے رہا تھا، جن میں خواتین بھی شامل تھیں۔ صورتحال اس وقت مزید خراب ہو گئی جب ایک ویٹر نے پلیٹ اٹھا کر ایک گاہک کے سر پر دے ماری، جس سے وہ شخص پیچھے سے زخمی ہو گیا اور خون بہنے لگا۔ خاتون کے مطابق اگر پلیٹ سر یا آنکھ پر لگتی تو جان کو بھی خطرہ ہو سکتا تھا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ سب سے حیران کن بات یہ تھی کہ ریسٹورنٹ کا منیجر حالات کو سنبھالنے کے بجائے خود گاہکوں کو دھکے دے رہا تھا اور بدسلوکی کر رہا تھا۔

واقعے کے وائرل ہونے کے بعد خاتون نے ایک اور پیغام میں کہا کہ گاہکوں کے ساتھ اس طرح کا سلوک ناقابلِ قبول ہے۔ ان کے مطابق یہ نہ مہمان نوازی ہے اور نہ ہی پیشہ ورانہ رویہ۔ انہوں نے کہا کہ ایسے ریسٹورنٹس پر لوگ اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ اعتماد کر کے آتے ہیں، اس لیے اس طرح کا برتاؤ کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔

واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین نے سخت ردعمل دیا ہے اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کی جائیں اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہو۔

Comments

https://www.dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!