3 hours ago
عوام پر فائرنگ کرنے کا مقدمہ، لیاقت محسود کا گن مین گرفتار
ویب ڈیسک
|
5 Nov 2025
ڈسٹرکٹ سٹی پولیس نے نشتر روڈ رام سوامی کے قریب فائرنگ کے واقعے میں ملوث ڈمپر ایسوسی ایشن کے صدر لیاقت محسود کے گن مین کو گرفتار کرلیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم سے فائرنگ میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا ہے، جب کہ لیاقت محسود کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ایس ایس پی سٹی کے ترجمان کے مطابق گرفتار گن مین کی شناخت معراج کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ فائرنگ شہریوں میں خوف و ہراس پھیلانے کے لیے کی گئی تھی۔
واقعے سے متعلق مقدمہ گارڈن تھانے میں درج کیا گیا، جس کا نمبر 451/2025 ہے۔ مقدمے میں لیاقت محسود اور اس کے گارڈز پر دفعہ 147، 148، 149 اور 337-H(ii) کے تحت الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
مدعی عبدالقادر ولد عبدالغفار نے اپنے بیان میں بتایا کہ 4 نومبر کی رات نشتر روڈ رام سوامی پر ایک ڈمپر (نمبر TAM-812) نے موٹرسائیکل سوار شاہ زیب کو ٹکر مار کر ہلاک کیا اور اس کی اہلیہ مصباح زخمی ہوگئیں۔ مشتعل افراد نے ڈمپر کو آگ لگا دی تھی۔
واقعے کے بعد حالات کو قابو میں لانے کے لیے علاقہ معززین موقع پر پہنچے، تاہم اسی دوران لیاقت محسود اپنے گن مینوں اور 20 سے 25 مسلح ساتھیوں کے ہمراہ ویگو اور کرولا گاڑیوں میں موقع پر پہنچا اور اندھا دھند فائرنگ کرکے فرار ہوگیا۔
پولیس کے مطابق لیاقت محسود اور اس کے ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر کارروائیاں جاری ہیں۔
Comments
0 comment