طیاروں کی شدید کمی، پی آئی اے نے انٹرنیشنل فلائٹ آپریشن معطل کردیا

ویب ڈیسک
|
13 Sep 2025
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (PIA) نے اعلان کیا ہے کہ 13 سے 27 ستمبر تک ٹورنٹو جانے اور آنے والی تمام پروازیں معطل رہیں گی۔
ذرائع کے مطابق پی آئی اے کے پاس اس وقت طیاروں کی شدید کمی ہے، ایک بوئنگ 777 لینڈنگ گیئر میں خرابی کے باعث گراؤنڈ ہے جبکہ دوسرا جہاز مینٹیننس میں تکنیکی رپورٹنگ کے بعد بند کردیا گیا ہے۔
ایئرلائن کی دستاویزات کے مطابق دو ہفتوں میں لاہور، کراچی اور اسلام آباد سے چلنے والی 13 پروازیں منسوخ ہوں گی۔
عام طور پر پی آئی اے ٹورنٹو کے لیے لاہور سے دو اور اسلام آباد و کراچی سے ایک ایک پرواز چلاتی ہے۔
انجینئرز بھی گزشتہ 10 سال سے تنخواہوں میں اضافہ نہ ہونے کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں اور "گو بائی بک" پالیسی کے تحت سخت اصولی طریقہ کار اپنائے ہوئے ہیں، جس سے پروازوں کی دستیابی مزید متاثر ہوئی ہے۔
طیاروں کی کمی کے باعث اس وقت صرف 3 بوئنگ 777 اور 8 اے 320 ایئر بسز فلائٹ آپریشنز کے لیے موجود ہیں۔ اندرون ملک اور بین الاقوامی پروازوں کے شیڈول میں بار بار تبدیلیاں آرہی ہیں، جس سے مسافر سخت پریشانی میں مبتلا ہیں۔
Comments
0 comment