شہباز شریف نے وزیراعظم کو استثنی دینے کی مخالفت کردی
ویب ڈیسک
|
9 Nov 2025
وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت دی ہے کہ ستائیسویں آئینی ترمیم میں شامل وہ شق واپس لی جائے جس کے تحت وزیراعظم کو قانونی کارروائی سے استثنیٰ دینے کی تجویز دی گئی تھی۔
وزیراعظم نے یہ فیصلہ اس اصول پر کیا کہ منتخب وزیراعظم کو ہمیشہ قانون اور عوام دونوں کے سامنے جواب دہ ہونا چاہیے۔
شہباز شریف نے اتوار کے روز ایکس (سابق ٹوئٹر) پر جاری بیان میں کہا:
"آذربائیجان سے واپسی پر مجھے علم ہوا کہ ہماری جماعت سے تعلق رکھنے والے بعض سینیٹرز نے وزیراعظم کو استثنیٰ دینے سے متعلق ایک ترمیمی تجویز جمع کرائی ہے۔"
انہوں نے وضاحت کی کہ یہ تجویز کابینہ کی منظوری والے مسودے کا حصہ نہیں تھی۔
"میں ان کے نیک ارادوں کو تسلیم کرتا ہوں، لیکن میں نے ہدایت دی ہے کہ یہ ترمیم فوری طور پر واپس لی جائے۔"
شہباز شریف نے مزید کہا کہ “ایک منتخب وزیراعظم کو اصولی طور پر عدالت اور عوام — دونوں کے سامنے مکمل طور پر جواب دہ رہنا چاہیے۔”
Comments
0 comment