6 hours ago
پاک افغان جنگ بندی کب تک رہے گی؟ خواجہ آصف نے بتادیا

ویب ڈیسک
|
21 Oct 2025
وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف نے پاک افغان سیز فائر کے حوالے سے واضح مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیز فائر کی کوئی مدت طے نہیں کی گئی، تاہم یہ جنگ بندی اس وقت تک برقرار رہے گی جب تک معاہدے کی خلاف ورزی نہیں ہوتی۔
میڈیا سے گفتگو میں خواجہ آصف نے بتایا کہ افغان طالبان کی درخواست پر پاک فوج نے افغان دراندازی کے بعد جوابی کارروائی روک کر سیز فائر پر اتفاق کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ سیز فائر کے دوران بنیادی شرط یہ رکھی گئی ہے کہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہوگی اور ٹی ٹی پی (تحریک طالبان پاکستان) کو کسی قسم کی پناہ یا سہولت فراہم نہیں کی جائے گی۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ “ہم نے بارہا اس بات پر زور دیا ہے کہ ٹی ٹی پی کو افغان سرزمین سے کارروائیاں کرنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے، مگر کابل حکام اس مؤقف سے انکار کرتے رہے ہیں۔”
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ ترکیہ اور قطر نے بھی مذاکرات کے دوران واضح کیا کہ اصل تنازع یہی ہے کہ افغانستان کی سرزمین سے ٹی ٹی پی کو پاکستان میں حملوں کی سہولت حاصل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ “ہم نے افغان حکام کو دو ٹوک الفاظ میں بتایا کہ سیز فائر کی بنیاد صرف ایک شق پر ہے — کہ سرحد پار سے کسی بھی قسم کی دراندازی نہ ہو۔”
وزیر دفاع نے زور دیا کہ “یہ جنگ بندی کھلی مدت کے لیے ہے، جب تک فریقین اس کی پاسداری کرتے رہیں گے، امن قائم رہے گا۔”
Comments
0 comment