لائنوں کی مرمت، کراچی کے مختلف علاقوں میں پانی کی فراہمی معطل رہے گی
ویب ڈیسک
|
23 Dec 2025
کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن (کے ڈبلیو ایس سی) نے شہر میں پانی کی ترسیل کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے بڑے پیمانے پر مرمتی کام شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
حکام کے مطابق یہ کام 24 دسمبر سے 27 دسمبر تک جاری رہے گا، جس کا مقصد پانی کی لائنوں میں جمع ہونے والی مٹی اور گاد کو صاف کرنا ہے۔ وقت کے ساتھ لائنوں میں جمنے والی گاد کے باعث پانی کے بہاؤ میں کمی آ رہی تھی، جس سے گھارو پمپ ہاؤس تک پہنچنے والا پانی متاثر ہو رہا تھا اور مجموعی نظام کی کارکردگی بھی کم ہو گئی تھی۔
حکام کا کہنا ہے کہ ڈی سلٹنگ کا یہ عمل پانی کی بہتر ترسیل، انفرااسٹرکچر کے تحفظ اور زیادہ طلب کے دوران نظام کو مؤثر رکھنے کے لیے نہایت ضروری ہے۔ مرمتی کام کے دوران پانی کی پمپنگ اور ترسیل عارضی طور پر معطل رہے گی۔
کے ڈبلیو ایس سی نے شہریوں کو پیشگی اطلاع دیتے ہوئے کہا ہے کہ مرمت کے دوران کچھ علاقوں میں پانی کی قلت کا سامنا ہو سکتا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں ابراہیم حیدری، ملیر، لانڈھی، شاہ فیصل کالونی، سندھی گوٹھ، پی اے ایف، ایس پی ایل، پی آئی اے اور کارساز کے قریب نائن مائل کا علاقہ شامل ہیں۔
حکام کے مطابق کراچی کو یومیہ تقریباً 650 ملین گیلن پانی فراہم کیا جاتا ہے، تاہم مرمتی کام کے دوران یہ مقدار عارضی طور پر کم ہو کر تقریباً 620 ملین گیلن رہ سکتی ہے۔
واٹر کارپوریشن نے واضح کیا ہے کہ یہ منصوبہ طویل المدتی بہتری کے لیے انتہائی اہم ہے اور شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ عارضی مشکلات میں تعاون کریں۔ ادارے کا کہنا ہے کہ ٹیمیں مسلسل کام کریں گی تاکہ مرمت کا عمل مقررہ وقت میں مکمل کیا جا سکے۔
Comments
0 comment