ڈی آئی خان پولیس ٹریننک اسکول پر حملہ، پیشرفت سے متعلق اہم خبر

ویب ڈیسک
|
11 Oct 2025
سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس ٹریننگ اسکول پر دہشت گردوں کے حملے کی کوشش ناکام بنا دی۔ کارروائی کے دوران تمام حملہ آور مارے گئے، جبکہ ایک امام مسجد اور چھ پولیس اہلکار جامِ شہادت نوش کر گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، 10 اور 11 اکتوبر کی درمیانی شب دہشت گردوں نے، جن کا تعلق بھارت کی حمایت یافتہ تنظیم “خوارج الفتنہ” سے بتایا جا رہا ہے، پولیس ٹریننگ اسکول پر حملہ کیا۔ دہشت گردوں نے کمپلیکس کی بیرونی دیوار توڑنے کی کوشش کی، مگر ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں نے بروقت اور بھرپور جوابی کارروائی سے ان کے منصوبے کو ناکام بنا دیا۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق، دہشت گردوں نے مایوسی کے عالم میں بارود سے بھری گاڑی گیٹ سے ٹکرا دی تاکہ کمپلیکس میں داخل ہو سکیں، تاہم پولیس اہلکاروں نے نہایت حوصلے اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ مقابلہ کرتے ہوئے انہیں روک دیا۔
فائرنگ کے شدید تبادلے میں تین حملہ آور ابتدائی مرحلے میں مارے گئے جبکہ دو دیگر دہشت گردوں کو بعد ازاں گھیرے میں لے کر ہلاک کر دیا گیا۔ واقعے میں چھ بہادر پولیس اہلکار جامِ شہادت نوش کر گئے جبکہ بارہ اہلکار اور ایک شہری زخمی ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، حملہ آوروں نے دورانِ کارروائی کمپلیکس کی مسجد پر بھی حملہ کیا، جہاں امام مسجد کو شہید کر دیا گیا اور عبادت گاہ کی بے حرمتی کی گئی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کو ختم کیا جا سکے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ اس بزدلانہ کارروائی میں ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں ملک میں امن کے قیام کے لیے ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
Comments
0 comment