بیٹی کی شادی پر کروڑوں روپے خرچ کرنے والے بیوروکریٹ کی شامت آگئی

بیٹی کی شادی پر کروڑوں روپے خرچ کرنے والے بیوروکریٹ کی شامت آگئی

ایف بی آر نے تحقیقات شروع کردیں
بیٹی کی شادی پر کروڑوں روپے خرچ کرنے والے بیوروکریٹ کی شامت آگئی

ویب ڈیسک

|

28 Sep 2025

پاکستان میں شدید معاشی بحران کے باوجود ایک اعلیٰ سرکاری افسر کی بیٹی کی شادی نے سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی ہے۔

 میڈیا رپورٹس کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے اندازہ لگایا ہے کہ شادی پر لگ بھگ 24 کروڑ 80 لاکھ روپے خرچ کیے گئے۔

ایف بی آر حکام کے مطابق اس قدر غیر معمولی اخراجات کے باوجود نہ تو افسر اور نہ ہی ان کی بیٹی کے ٹیکس گوشواروں میں ان کا کوئی ذکر ہے، اور نہ ہی شادی کی تقریبات پر واجب الادا ٹیکس ادا کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق شادی کے چھ بڑے ایونٹس پر تقریباً 400 مہمانوں کو مدعو کیا گیا، جہاں صرف سجاوٹ اور انتظامات پر 4 کروڑ روپے، کیٹرنگ پر 3 کروڑ روپے جبکہ دلہا، دلہن اور قریبی رشتہ داروں کے ملبوسات پر 3 کروڑ 50 لاکھ روپے خرچ کیے گئے۔

سب سے زیادہ رقم، تقریباً 8 کروڑ روپے، زیورات یعنی ہیروں اور سونے کے سیٹ پر خرچ ہوئی۔ اس کے علاوہ میک اپ، فوٹوگرافی، تفریحی پروگرامز اور اسٹائلنگ پر 3 کروڑ روپے جبکہ مہمانوں کے لیے تحائف، دعوت نامے اور دیگر تخلیقی انتظامات پر 2 کروڑ 80 لاکھ روپے لگائے گئے۔

تقریبات میں ڈرون سے فلم بندی، آتشبازی، لائٹ شوز، مہنگے تحائف اور خصوصی ڈیزائن شدہ دعوت نامے بھی شامل تھے۔ تاہم ایف بی آر کے مطابق زیادہ تر ادائیگیاں نقد کی گئیں تاکہ ٹرانزیکشنز کا کوئی ریکارڈ نہ رہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دلہن کی کثرتِ سفر، جس میں کینیڈا، برطانیہ، میکسیکو اور متحدہ عرب امارات کے دورے شامل ہیں، بھی رپورٹ شدہ آمدن سے مطابقت نہیں رکھتی۔

حکام کا کہنا ہے کہ شادی پر ہونے والے اس بے تحاشہ اخراجات اور ٹیکس گوشواروں میں تضاد نے معاملے کو مزید سنگین بنا دیا ہے، جس پر باقاعدہ تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

Comments

https://www.dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!