علی امین گنڈا پور عمران خان کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں، پروپیگنڈا بند کیا جائے، ترجمان

علی امین گنڈا پور عمران خان کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں، پروپیگنڈا بند کیا جائے، ترجمان

ترجمان وزیراعلیٰ کے پی نے علی امین گنڈا پور کے خلاف شروع کی جانے والی مہم کی مذمت کی ہے
علی امین گنڈا پور عمران خان کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں، پروپیگنڈا بند کیا جائے، ترجمان

ویب ڈیسک

|

13 Sep 2025

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے ترجمان فراز مغل نے کہا ہے کہ علی امین گنڈاپور کے خلاف منفی اور بے بنیاد پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، جو حقیقت سے بالکل عاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پارلیمانی پارٹی اجلاس سے متعلق وزیراعلیٰ کے نام منسوب بیانات لغو اور من گھڑت ہیں۔

ترجمان کے مطابق کچھ عناصر اپنی ناکامیوں اور نااہلی کو چھپانے کے لیے ایسے جھوٹے بیانیے گھڑتے ہیں اور ہر بار جب پارٹی کی طرف سے عمران خان کی رہائی یا عوامی جلسوں کے حوالے سے عملی اقدامات کا اعلان کیا جاتا ہے تو یہ موسمی سیاسی چہرے سامنے آجاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مہر شرافت جیسے لوگ نہ کبھی پنجاب میں کارکنوں کا سامنا کر سکے اور نہ ہی کوئی عوامی سرگرمی دکھا سکے، مگر کے پی کے خلاف پروپیگنڈے میں سرگرم رہتے ہیں۔

فراز مغل نے دو ٹوک مؤقف اپناتے ہوئے کہا کہ علی امین گنڈاپور کو کسی وفاداری کے سرٹیفیکیٹ کی ضرورت نہیں، وہ حقیقی معنوں میں عمران خان کے مخلص سپاہی ہیں، جنہوں نے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں اور حتیٰ کہ ان کے گھر کے تقدس کو پامال کیا گیا مگر وہ ڈٹ کر کھڑے رہے۔

ترجمان نے خبردار کیا کہ پارٹی کو اپنی صفوں سے ایسے ’’آستین کے سانپ‘‘ نکالنے ہوں گے جو جھوٹے پروپیگنڈے کے ذریعے نقصان پہنچانے کی کوشش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان عناصر کے خلاف تادیبی کارروائی ناگزیر ہے اور علی امین گنڈاپور ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔

ترجمان وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ علی امین گنڈاپور ہر حال میں عمران خان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور آئندہ بھی کھڑے رہیں گے۔

Comments

https://www.dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!