17 hours ago
پنجاب میں طوفانی بارشوں کا الرٹ جاری

ویب ڈیسک
|
9 Sep 2025
لاہور: پنجاب میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے (پی ڈی ایم اے) نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے کے مختلف اضلاع میں شدید طوفانی بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق، رواں مون سون سیزن کا دسواں سپیل 9 ستمبر تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ اگلے 24 گھنٹوں میں راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، گوجرانوالہ، لاہور، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، اوکاڑہ، ساہیوال، قصور، جھنگ، سرگودھا، اور میانوالی میں بارشوں کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ ڈیرہ غازی خان، ملتان، اور راجن پور میں بھی بارشیں متوقع ہیں۔ پی ڈی ایم اے نے 9 ستمبر تک ڈیرہ غازی خان کی رودکوہیوں میں فلیش فلڈنگ کے خطرے سے بھی خبردار کیا ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بارشوں کے اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے ترجمان نے بتایا کہ سب سے زیادہ 96 ملی میٹر بارش جہلم میں ریکارڈ کی گئی۔
دیگر علاقوں میں جھنگ میں 77 ملی میٹر، نورپور تھل میں 70 ملی میٹر، خانیوال میں 55 ملی میٹر، لیہ میں 42 ملی میٹر، راولپنڈی میں 34 ملی میٹر، ساہیوال میں 32 ملی میٹر، منگلا میں 29 ملی میٹر، چکوال میں 26 ملی میٹر، ڈیرہ غازی خان میں 21 ملی میٹر، فیصل آباد میں 20 ملی میٹر اور اوکاڑہ میں 17 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی۔
Comments
0 comment