بھارت کے قیام کے 78 سال بعد علاقے میں بجلی فراہم کردی گئی

ویب ڈیسک
|
21 Sep 2025
بھارت کی ریاست مہاراشٹرا کے ایک گاؤں وراسوادی میں آزادی کے 78 سال بعد پہلی بار بجلی فراہم کی گئی، جس کے بعد مقامی آبادی کے گھروں میں روشنی جگمگا اٹھی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ گاؤں ضلع تھانے کی تحصیل شاہاپور میں واقع ہے، جہاں اب 15 گھروں کو بجلی سے منسلک کر دیا گیا ہے۔ گاؤں کی آبادی تقریباً 60 سے 80 افراد پر مشتمل ہے۔
اس منصوبے کے تحت نیا 63 کے وی اے ٹرانسفارمر اور 67 کھمبے نصب کیے گئے، جن پر 50 لاکھ بھارتی روپے سے زیادہ لاگت آئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ دشوار گزار پہاڑی راستوں اور جنگلاتی علاقے میں یہ سامان پہنچانا سب سے بڑا چیلنج تھا، جس کے لیے محکمہ جنگلات سمیت مختلف اداروں سے خصوصی اجازت لینا پڑی۔
بجلی کی فراہمی کے بعد گاؤں کے رہائشیوں نے آتشبازی اور نعروں کے ساتھ خوشی منائی۔ ایک مقامی شخص نے کہا کہ "ہماری 78 سالہ تاریکی ختم ہو گئی ہے، اب ہم بھی دیوالی روشنیوں کے ساتھ منا سکیں گے۔"
Comments
0 comment