13 hours ago
تھائی لینڈ کے برانڈ کا نام استعمال کرنے پر ڈیفنس کے کافی شاپ کیخلاف قانونی کارروائی

ویب ڈیسک
|
18 Oct 2025
کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 8 میں قائم ایک معروف کافی شاپ کو تھائی لینڈ کے برانڈ کے نام اور لوگو کے غیر قانونی استعمال پر نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تھائی لینڈ کے شہر فوکٹ (Phuket) میں واقع اصل ’مونڈو کافی بار‘ (Mondo Coffee Bar) نے واضح کیا ہے کہ کراچی میں اسی نام سے چلنے والی کافی شاپ کا ان کے برانڈ سے کوئی تعلق نہیں۔
شہری سید محمد علی جعفری نے مئی میں کراچی کے ’مونڈو کافی بار‘ کا دورہ کیا اور یہ سمجھا کہ یہ تھائی لینڈ میں موجود برانڈ کی شاخ ہے۔ تاہم بعد میں سوشل میڈیا پر انھیں معلوم ہوا کہ یہ کیفے مبینہ طور پر برانڈ کا نام اور لوگو اجازت کے بغیر استعمال کر رہا ہے۔
درخواست گزار کے مطابق کیفے کے کپ، بیگ اور ٹشو پیپرز پر بھی ایسا لوگو چھاپا گیا تھا جو تھائی لینڈ کے اصل برانڈ کے رجسٹرڈ ٹریڈ مارک سے تقریباً مشابہ تھا۔
مدعی کے وکیل عبدالاہد خان نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ یہ عمل سندھ کنزیومر پروٹیکشن ایکٹ 2015 کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے اور جھوٹے و گمراہ کن اشتہار کے مترادف ہے۔
درخواست گزار نے عدالت سے 5 ملین روپے (50 لاکھ روپے) ہرجانے کا مطالبہ کیا ہے، مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہ کیفے نے صارفین کو دھوکے میں رکھا اور فریب دہ کاروباری طریقہ اختیار کیا۔
ابتدائی سماعت کے بعد کنزیومر کورٹ نے کیفے انتظامیہ کو 31 اکتوبر 2025 کو ذاتی حیثیت میں یا اپنے وکیل کے ذریعے پیش ہونے کا حکم دیا ہے تاکہ الزامات کا جواب دیا جا سکے۔
Comments
0 comment