ایران نے اسرائیل کے ایٹمی اثاثوں، سائنس دانوں کی خفیہ فوٹیج جاری کردیں

ویب ڈیسک
|
25 Sep 2025
ایران کے انٹیلیجنس وزیر نے اسرائیل کے خفیہ جوہری پروگرام اور فوجی اہلکاروں سے متعلق انتہائی حساس تفصیلات پر مبنی ویڈیو فوٹیج جاری کردی ہے، جس میں کم از کم 189 اسرائیلی سائنسدانوں، فوجی افسران اور دیگر حکام کی شناخت ظاہر کی گئی ہے۔
بدھ کے روز ایرانی انٹیلیجنس وزیر اسماعیل خطیب نے ٹی وی خطاب میں دعویٰ کیا کہ ایران نے اسرائیل کے ’’جوہری، فوجی، انٹیلیجنس اور سائنسی‘‘ منصوبوں سے متعلق خفیہ معلومات حاصل کرلی ہیں۔ یہ معلومات مبینہ طور پر ان اسرائیلی اہلکاروں کی مدد سے ملیں جو انہی مقامات پر کام کرتے تھے۔
جاری کی گئی دستاویزی ویڈیو میں اسرائیل کے نہایت حساس دیمونا جوہری مرکز کی جھلکیاں دکھائی گئیں، جسے طویل عرصے سے اسرائیل کے ایٹمی پروگرام کا مرکز سمجھا جاتا ہے، تاہم اسرائیل نے کبھی جوہری ہتھیار رکھنے کا اعتراف نہیں کیا۔
دستاویزی فلم میں اسرائیلی حکام کے پاسپورٹ، فوجی اڈوں کے نقشے اور دیگر خفیہ کاغذات بھی دکھائے گئے۔ خطیب کے مطابق یہ معلومات مالی لین دین کے بدلے ایران کو فراہم کی گئیں اور انہی کی بنیاد پر ایران نے جون کی جھڑپوں میں اسرائیلی اہداف کو نشانہ بنایا۔
ایران نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ اسرائیل نے انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (IAEA) کے ڈائریکٹر جنرل رافیل گروسی کی ذاتی تصاویر حاصل کیں اور انہیں بلیک میل کرنے کے لیے استعمال کیا۔
اس موقع پر ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے بھی یورینیم افزودگی پر ایران کے مؤقف کو دہراتے ہوئے کہا:
“امریکہ چاہتا ہے کہ ہم بالکل افزودگی نہ کریں، لیکن ہم نے کبھی دباؤ قبول نہیں کیا اور نہ ہی کریں گے۔ کسی معاملے پر دباؤ برداشت نہیں کیا جائے گا۔”
Comments
0 comment