2 hours ago
ایران امریکا مذاکرات ناکام، دونوں وفود واپس روانہ
ویب ڈیسک
|
12 Apr 2026
امریکا اور ایران کے درمیان اسلام آباد میں ہونے والے اعلیٰ سطح کے مذاکرات کسی معاہدے کے بغیر ختم ہو گئے ہیں، جس کے بعد امریکی نائب صدر جے ڈی وین نے ایران کے لیے سخت پیغام دیا ہے۔
اسلام آباد سے روانگی سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معاہدہ نہ ہونا ایک بری خبر ہے، تاہم اس کا زیادہ نقصان ایران کو ہوگا نہ کہ امریکا کو۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ صورتحال ایران کے لیے زیادہ تشویش کا باعث ہونی چاہیے، جبکہ امریکا اپنے مؤقف پر قائم رہے گا۔
یاد رہے کہ یہ ملاقات 1979 کے بعد دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کی اہم ترین بات چیت سمجھی جا رہی تھی۔
ایران کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل باغی نے کہا ہے کہ سفارتکاری کا عمل کبھی ختم نہیں ہوتا اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے یہ سلسلہ جاری رہتا ہے۔
ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق ترجمان نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ سفارتکاری ریاستی مفادات کے حصول، تحفظ اور بقا کا اہم ذریعہ ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ایران، پاکستان اور دیگر دوست و ہمسایہ ممالک کے درمیان مشاورت کا عمل آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا تاکہ خطے میں صورتحال کو بہتر بنانے کی کوشش کی جا سکے۔
پاکستان کی امریکا اور ایران سے جنگ بندی برقرار رکھنے کی اپیل
پاکستان کے وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے امریکا اور ایران پر زور دیا ہے کہ وہ جنگ بندی کو برقرار رکھیں، کیونکہ اسلام آباد میں دونوں ممالک کے درمیان ہونے والے مذاکرات کسی حتمی معاہدے کے بغیر ختم ہو گئے ہیں۔
اپنے بیان میں وزیرِ خارجہ نے کہا کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے ضروری ہے کہ دونوں فریق تحمل کا مظاہرہ کریں اور جنگ بندی کی پاسداری کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کم کرنے اور مسائل کے پرامن حل کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
Comments
0 comment