ٹرمپ نے ایردوان سے ملاقات کو انتہائی شاندار ملاقات قرار دے دیا

Webdesk
|
26 Sep 2025
واشنگٹن: ترک صدر رجب طیب ایردوان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوئی، صدر ٹرمپ نے ایردوان سے ملاقات کو انتہائی شاندار ملاقات قرار دیا۔
ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان نے وائٹ ہائوس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے اہم ملاقات کی۔
تقریبا دو گھنٹے بیس منٹ تک جاری رہنے والی اس ملاقات کے بعد صدر ٹرمپ نے نہ صرف اپنے ترک ہم منصب کو دروازے تک چھوڑا بلکہ گاڑی میں سوار ہونے تک ان کے ہمراہ رہے اور گرمجوشی سے الوداع کہا۔
ملاقات کے بعد دونوں رہنمائو ں کی موجودگی میں ترکیہ اور امریکا کے مابین توانائی کے شعبے میں اہم معاہدے پر دستخط ہوئے۔ترکیہ کی جانب سے دستخط وزیرِ توانائی و قدرتی وسائل آلپ ارسلان بایراکتار نے کیے۔
اس معاہدے کو دونوں ممالک کے تعلقات میں نئے دور کی بنیاد قرار دیا جا رہا ہے۔صدر ایردوان نے ملاقات سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس دورے کو اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے ساتھ منسلک ایک اہم موقع تصور کرتے ہیں۔
انہوں نے باور کرایا کہ ایف- 35 اور ایف- 16 طیاروں کے معاملات، حلق بینک کا مسئلہ اور دیگر باہمی موضوعات پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوگا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اوول آفس میں صحافیوں کے سوالات کے جواب میں ایردوان کو اپنا پرانا دوست قرار دیا اور کہا کہ ایردوان نہ صرف اپنے ملک میں بلکہ پورے یورپ اور دنیا میں عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ترکیہ نے شاندار فوج تیار کی ہے۔ انہیں وائٹ ہاس میں خوش آمدید کہنا ہمارے لیے اعزاز ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ ترکیہ کے ساتھ وسیع پیمانے پر تجارتی تعلقات موجود ہیں اور آئندہ ان تعلقات کو مزید بڑھایا جائے گا۔
Comments
0 comment