صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی ڈرونز حملے، کاروان پر بم اور خطرناک کیمیکل پھینکا گیا

صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی ڈرونز حملے، کاروان پر بم اور خطرناک کیمیکل پھینکا گیا

عالمی کارواں نے اسرائیلی پیش کش کو مسترد کر دیا
صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی ڈرونز حملے، کاروان پر بم اور خطرناک کیمیکل پھینکا گیا

ویب ڈیسک

|

24 Sep 2025

غزہ کے لیے امداد لے جانے والے عالمی "صمود فلوٹیلا" پر بحیرہ روم میں اسرائیلی ڈرونز کی جانب سے دستی بم اور نامعلوم کیمیائی مادہ پھینکا گیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق فلوٹیلا کے جہاز جب یونانی جزیرے کریٹ کے قریب پہنچے تو آسمان پر متعدد ڈرونز ظاہر ہوئے، جس کے بعد جہازوں پر زور دار دھماکے اور ’’فلیش بینگ‘‘ جیسے حملے کیے گئے۔ 

اس دوران کم از کم 11 دھماکوں کی اطلاع ملی جبکہ کچھ جہازوں پر کیمیائی مادہ بھی گرایا گیا۔ تاہم عملے کے کسی رکن کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔

برازیلی کارکن تھیاغو آویلا نے ویڈیو پیغام میں بتایا کہ یہ فلوٹیلا پر دسویں حملہ تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’یہ لوگ ہمارے چھوٹے جہازوں کے بادبان تباہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن وہ ایسے ہتھیار استعمال کر رہے ہیں جو انسانوں کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔‘‘

فلوٹیلا کے رضاکاروں کا کہنا ہے کہ ان کا یہ مشن خالصتاً انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ہے اور بین الاقوامی قوانین کے تحت محفوظ ہے، مگر اسرائیل اسے بار بار نشانہ بنا رہا ہے۔

اسرائیل کی وزارتِ خارجہ کے سرکاری ایکس اکاؤنٹ پر کہا گیا کہ ’’ہم نے فلوٹیلا کو پیشکش کی تھی کہ امداد غزہ کے بجائے اشدود (اشکلون) کی بندرگاہ پر اتار دی جائے، مگر انہوں نے انکار کیا اور بلاک ایڈ توڑنے کی غیر قانونی کوشش کی، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ ان کا اصل مقصد حماس کی مدد کرنا ہے۔‘‘

یاد رہے کہ فلوٹیلا کے جہاز غزہ کے عوام کے لیے امداد لے جا رہے ہیں اور ان پر دنیا بھر کے انسانی حقوق کے کارکن موجود ہیں۔ کارکنوں نے اسرائیلی دھمکیوں اور حملوں کے باوجود اعلان کیا ہے کہ وہ اپنا مشن جاری رکھیں گے اور امداد غزہ پہنچا کر دم لیں گے۔

Comments

https://www.dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!