غیرموزوں پچ کی وجہ سے ٹی 20 میں پاکستان کو شکست، بنگلادیش نے بڑا اعتراف کرلیا

ویب ڈیسک
|
2 Aug 2025
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے میرپور کی پچ کو بین الاقوامی میچوں کے لیے ناموزوں قرار دے دیا۔
ڈھاکا: بنگلا دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے اعتراف کیا ہے کہ ڈھاکا کے شیر بنگلہ نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم (میرپور) کی پچ اس وقت بین الاقوامی کرکٹ کے لیے موزوں نہیں ہے۔
یہ بیان حال ہی میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ہونے والی ٹی 20 سیریز کے بعد سامنے آیا ہے، جس میں کم اسکور والے میچز کھیلے گئے۔ پاکستان کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے خاص طور پر پہلے دو میچوں کے حالات کو بین الاقوامی کرکٹ کے لیے "ناقابل قبول" قرار دیا تھا۔
بی سی بی کے کرکٹ آپریشنز کے چیئرمین، ناظم الدین عابدین نے کہا کہ بورڈ نے کیوریٹرز کو سست اور کم باؤنس والی پچ تیار کرنے کی ہدایت نہیں دی تھی۔
انہوں نے کہا، "میرے خیال میں اسے ایک اسپورٹنگ وکٹ بنانے کی کوشش کی گئی تھی، لیکن وہ اس میں کامیاب نہیں ہو سکے،" انہوں نے مزید کہا کہ "اس کی ذمہ داری پچ تیار کرنے والوں پر عائد ہوتی ہے۔"
انہوں نے کہا کہ اس گراؤنڈ پر بہتر پچیں بنانے کی کوششوں میں مسلسل چیلنجز کا سامنا رہا ہے، جس کی وجہ اکثر مٹی کی نوعیت، ماحولیاتی عوامل، یا مسلسل میچوں کی وجہ سے گراؤنڈ کا زیادہ استعمال ہے۔
عابدین نے کہا، "ہم یہ قبول کرتے ہیں کہ میرپور کی وکٹ تسلی بخش نہیں ہے۔ ہمیں اس مسئلے کو حل کرنے کی ضرورت ہے۔" انہوں نے یہ بھی اشارہ دیا کہ مٹی کی تبدیلی یا پچ تیار کرنے کے طریقوں میں اہم تبدیلیاں کرنے کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔
Comments
0 comment