13 hours ago
ہر سال سیلاب کی تباہ کاریوں کو برداشت نہیں کرسکتے، فیلڈ مارشل

ویب ڈیسک
|
13 Sep 2025
آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ ریاست بار بار آنے والے سیلاب کے نتیجے میں جان و مال کے نقصان کی متحمل نہیں ہو سکتی، اس لیے بنیادی ڈھانچے (انفراسٹرکچر) کی بہتری اور فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے قصور سیکٹر اور جلالپور پیر والا میں قائم فلڈ ریلیف کیمپس کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے متاثرین سے ملاقات کی اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر چیف سیکرٹری پنجاب اور سول انتظامیہ کے دیگر نمائندے بھی موجود تھے، جنہوں نے آرمی چیف کو زمینی صورتحال پر بریفنگ دی۔
فیلڈ مارشل کا کہنا تھا کہ متاثرہ خاندانوں کی بحالی اور دوبارہ آبادکاری کے لیے سول و فوجی اداروں کو مل کر کام کرنا ہوگا، کیونکہ اچھی طرز حکمرانی اور عوام دوست ترقی ہی عوام کو بار بار کے نقصانات سے بچا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مستقبل میں ایسے نقصانات کم کرنے کے لیے ڈیمز، فلڈ پروٹیکشن سسٹمز اور انفراسٹرکچر کی ترقی کی رفتار تیز کرنا ہوگی۔
آرمی چیف نے یہ بھی کہا کہ پاک فوج ہر سطح پر عوامی فلاح کے اقدامات کی حمایت جاری رکھے گی۔
دورے کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ریلیف آپریشن میں شریک فوجی جوانوں، پولیس اور ریسکیو اہلکاروں کے حوصلے اور عزم کو سراہا، اور متاثرہ خاندانوں کو یقین دہانی کرائی کہ ان کی بحالی تک فوج ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
Comments
0 comment