16 hours ago
استاد اور شاگرد کے درمیان رومانوی تعلقات، خلیل الرحمن قمر تلملا اُٹھے
Webdesk
|
28 Oct 2025
کراچی: معروف ڈراما نگار خلیل الرحمن قمر نے اپنے ڈرامے'' میں منٹو نہیں ہوں'' میں استاد اور شاگرد کے درمیان رومانوی تعلقات دکھانے پر تنقید کرنے والوں کو کرارا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ حقیقت میں بہت ساری خواتین اساتذہ نے اپنے شاگردوں سے شادیاں کیں۔
خلیل الرحمن قمر نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر گفتگو کی۔
پروگرام کے دوران ایک سوال کے جواب میں انہوں نے اپنے لکھے گئے ڈرامے میں منٹو نہیں ہوں میں استاد اور شاگرد کے درمیان رومانوی تعلقات دکھانے پر تنقید کرنے والے افراد کے خلاف سخت زبان بھی استعمال کی۔
ان کا کہنا تھا کہ تنقید کرنے اور بھونکنے میں فرق ہوتا ہے، ان کے ڈرامے اور کرداروں پر تنقید نہیں کی جا رہی، تنقید اچھی ہوتی ہے، اس سے اصلاح ہوتی ہے۔
ڈراما نگار کے مطابق انہوں نے ایک غیر شادی شدہ استاد اور طالبہ کے درمیان محبت دکھائی ہے اور محبت کرنا گناہ نہیں، دونوں نامحرم ہیں، وہ شادی کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اب تک 70 سال کی خواتین اور مرد بھی شادیاں کر رہے ہیں تو ان کے کرداروں پر کیوں تنقید کی جا رہی ہے؟
خلیل الرحمن کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے کرداروں کے درمیان افیئر نہیں دکھایا، ان کے دونوں کردار غیر شادی شدہ ہیں، اگر ایک کردار شادی ہوتا ہے تو وہ افیئر ہوتا ہے جو کہ غلط ہے۔
ڈراما نگار بضد رہے کہ استاد اور شاگرد شادی کر سکتے ہیں، وہ دونوں ایک دوسرے کے لیے نامحرم ہیں، عمر کا کوئی تعلق نہیں۔انہوں نے یہ دعوی بھی کیا کہ حقیقت میں بھی بہت سارے استاد اور شاگرد شادیاں کرتے رہے ہیں اور بہت ساروں کی شادیاں ہو چکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بہت ساری خواتین اساتذہ نے بھی اپنے شاگردوں سے شادیاں کیں، اس میں کوئی غلط کام نہیں، وہ حلال کام کر رہے ہیں، ایسی شادیوں پر تنقید بے جا ہے۔
Comments
0 comment