سردیوں میں گیس کی فراہمی کا شیڈول جاری

سردیوں میں گیس کی فراہمی کا شیڈول جاری

شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو کہا کہ گیس لوڈ مینجمنٹ کی حکمت عملی پر بھرپور عوامی آگہی مہم چلائی جائے
سردیوں میں گیس کی فراہمی کا شیڈول جاری

Webdesk

|

7 Oct 2026

اسلام آباد : موسم سرما کی آمد آمد ہے اور شہریوں بالخصوص خواتین کو فکر ہے کہ سردیوں میں گیس کی فراہمی کا کیا شیڈول ہوگا۔پاکستان جو کئی سال سے گیس بحران کا شکار ہے اور گرمیوں میں بھی گھریلو اور صنعتی صارفین کو لوڈ منیجمنٹ کے تحت مقررہ اوقات میں گیس فراہم کی جاتی ہے جب کہ سردیوں میں یہ بحران مزید بڑھ جاتا ہے۔اب پھر موسم گرما رخصت پر اور سردیوں کی آمد آمد ہے۔

موسم سرما میں گیس کی لوڈ منیجمنٹ کے لیے گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں سردیوں میں گیس فراہمی منصوبے پر غور کیا گیا۔

 اجلاس میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، احد چیمہ اور علی پرویز ملک سمیت دیگر نے شرکت کی۔وزیراعظم نے گیس لوڈ مینجمنٹ کا جامع لائحہ عمل اور پیشگی اقدامات اور مقامی گیس کی فراہمی کے حوالے سے گھریلو صارفین کو اولین ترجیح دینے کی ہدایات کیں۔

شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو کہا کہ گیس لوڈ مینجمنٹ کی حکمت عملی پر بھرپور عوامی آگہی مہم چلائی جائے اور علاقائی صورتحال کے تناظر میں گیس کی بلا تعطل درآمد یقینی بنائی جائے۔

اس موقع پر حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بجلی کی پیداوار اور صنعتوں کے لیے آر ایل این جی ترجیح ہوگی جب کہ گھریلو سطح پر مقامی گیس کی جگہ متبادل ذرائع کو فروغ دیا جائے گا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک کے شمالی علاقوں میں موجود گیس ذخائر سے بلا تعطل ترسیل یقینی بنائی جائے گی جب کہ واٹر اور اسپیس ہیٹنگ کے لیے بینک فنانسنگ کی سہولت فراہم کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔

بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ حکومت اس وقت دسمبر فروری کے لیے ایل این جی کی درآمد کے منصوبے پر کام کر رہی ہے۔ گیس کمپنیوں اور پیٹرولیم ڈویژن نے کم از کم 22 کارگوز مانگے ہیں، جبکہ توانائی ٹاسک فورس علاقائی توانائی کے راستوں میں رکاوٹوں کے درمیان بہترین کوشش کی بنیاد پر 10-12 کارگوز پر غور کر رہی ہے۔

Comments

https://www.dialoguepakistan.com/ur/assets/images/user-avatar-s.jpg

0 comment

Write the first comment for this!