17 hours ago
کمسن افغان لڑکا جہاز کے لینڈنگ گیئر میں چھپ کر کابل سے دہلی پہنچ گیا

ویب ڈیسک
|
23 Sep 2025
افغانستان کے 13 سالہ لڑکے نے اپنی جان داؤ پر لگا کر کابل سے دہلی آنے والی ایک مسافر طیارے کے لینڈنگ گیئر کے حصے میں چھپ کر سفر کیا۔
بھارتی حکام کے مطابق کندوز سے تعلق رکھنے والا یہ لڑکا پیر کو دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر طیارہ اترنے کے بعد رن وے پر اکیلا گھومتا ہوا پایا گیا۔ اسے فوراً سیکیورٹی اہلکاروں نے حراست میں لے لیا اور کئی گھنٹے تک تفتیش کے بعد اسی طیارے کے ذریعے واپس کابل بھیج دیا گیا۔
تحقیقات کے دوران لڑکے نے بتایا کہ اس نے ’’محض تجسس‘‘ کے تحت کام ایئر کی پرواز RQ-4401 کے پچھلے لینڈنگ گیئر کے خانے میں چڑھ کر چھپنے کا فیصلہ کیا تھا۔ یہ پرواز اتوار کی صبح تقریباً 11 بجے دہلی پہنچی تھی۔
سینٹرل انڈسٹریل سیکیورٹی فورس (CISF) کے ترجمان کے مطابق، لڑکا بغیر چیکنگ کے کابل ایئرپورٹ میں داخل ہوا اور مسافروں کے ایک گروپ کے پیچھے چلتے ہوئے طیارے کے پچھلے پہیوں کے خانے میں چھپ گیا۔ لینڈنگ کے بعد پولیس نے اسے رن وے پر اکیلا چلتے دیکھا اور اپنی تحویل میں لے لیا۔
ایئرلائن کے عملے نے سیکیورٹی معائنہ کے دوران لڑکے کے پاس ایک چھوٹا سرخ اسپیکر بھی برآمد کیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق، لڑکا دراصل ایران جانا چاہتا تھا لیکن اسے معلوم نہیں تھا کہ یہ پرواز دہلی جا رہی ہے۔
یاد رہے کہ دنیا بھر میں اس نوعیت کے کیسز سامنے آتے رہتے ہیں لیکن زیادہ تر لوگ طیارے کے لینڈنگ گیئر میں چھپنے کے دوران سخت سردی اور آکسیجن کی کمی کی وجہ سے زندہ نہیں بچ پاتے۔ ماہرین کے مطابق جو بچ بھی جاتے ہیں وہ زیادہ تر بیہوشی کی حالت میں ہوتے ہیں اور لینڈنگ کے وقت گرنے کے خطرے سے دوچار رہتے ہیں۔
ایسا ہی ایک واقعہ 2022 میں پیش آیا تھا جب کینیا کا 22 سالہ نوجوان ایمسٹرڈیم پہنچنے والے کارگو طیارے کے ویل ویل میں زندہ پایا گیا تھا۔
Comments
0 comment