بھارت میں 35 سالہ شخص کے پیٹ سے 29 اسٹیل کے چمچے، 19 ٹوتھ برش، 2 پین برآمد

ویب ڈیسک
|
26 Sep 2025
بھارت کی ریاست اتر پردیش میں ایک حیران کن واقعہ پیش آیا جہاں ڈاکٹروں نے 35 سالہ شخص کے پیٹ سے 29 اسٹیل کے چمچے، 19 ٹوتھ برش اور 2 قلم نکالے۔
یہ شخص، جس کی شناخت سچن کے نام سے ہوئی ہے، ہیروئن کے نشے سے نجات کے لیے ہاپڑ کے ایک ری ہیبیلیٹیشن سینٹر میں زیر علاج تھا۔ ڈاکٹروں کے مطابق سچن کو عجیب عادت پڑ گئی تھی کہ وہ گھریلو استعمال کی اشیاء نگل لیتا تھا۔
ابتدائی طور پر اینڈوسکوپی کے ذریعے ان چیزوں کو نکالنے کی کوشش کی گئی لیکن تعداد زیادہ ہونے کی وجہ سے یہ ممکن نہ ہوسکا اور بالآخر آپریشن کرنا پڑا۔
سچن نے الزام لگایا کہ بحالی مرکز کی خراب صورتحال نے اسے اس حرکت پر مجبور کیا۔ اس کا کہنا تھا کہ وہاں کھانے کی کمی تھی، سبزیاں بہت کم اور روٹیاں ناکافی دی جاتیں، جبکہ گھر سے بھیجی گئی اشیاء بھی اس تک نہیں پہنچتی تھیں۔
اس نے غصے میں آکر چمچے چوری کرنا شروع کیے اور انہیں توڑ کر پانی کے ساتھ نگلنے لگا۔ بعد میں یہ عادت ٹوتھ برش اور قلم تک جا پہنچی۔
یہ انوکھا عمل اس وقت سامنے آیا جب سچن کو شدید پیٹ درد ہوا اور اسکین کے دوران اس کے پیٹ میں یہ اشیاء نظر آئیں۔ اسپتال کے حکام کے مطابق آپریشن کامیاب رہا اور مریض اب صحت یاب ہو رہا ہے۔
Comments
0 comment