1 hour ago
سرجری کے بعد پوپ لیو اسپتال سے ڈسچارج، ویٹیکن پہنچ گئے
Webdesk
|
18 Oct 2026
روم: پوپ لیو پھیپھڑوں کے کینسر کی سرجری کے چار روز بعد ہفتے کو اسپتال سے فارغ ہوکر ویٹیکن واپس پہنچ گئے۔
71 سالہ پوپ کو اسپتال سے رخصت ہوتے وقت خیرخواہوں نے تالیوں اور خوشی کے نعروں سے رخصت کیا۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پوپ لیو روم کے جیمیلی اسپتال سے خود چل کر باہر آئے۔
اس موقع پر وہ مسکرا رہے تھے، لوگوں سے ہاتھ ملا رہے تھے اور ہاتھ ہلا کر ان کے خیرسگالی کے جذبات کا جواب دے رہے تھے۔ انہوں نے اپنے علاج کرنے والے ڈاکٹروں اور اسپتال کے حکام سے مختصر گفتگو بھی کی۔
اسپتال سے روانگی سے قبل پوپ ایک یوکرینی بچی سے بھی ملے جو خود کینسر سے صحت یاب ہوچکی ہے اور پوپ کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناں کا اظہار کرنے آئی تھی۔ویٹیکن کے مطابق پوپ منگل سے اسپتال میں زیر علاج تھے، جہاں ڈاکٹروں نے ان کے دائیں پھیپھڑے کا ایک حصہ نکال کر کینسر کی رسولی خارج کی تھی۔
ہفتے کو ڈاکٹروں نے خون کے ٹیسٹ، سینے کے ایکسرے اور مجموعی طبی کیفیت کا جائزہ لینے کے بعد انہیں اسپتال سے فارغ کرنے کے لیے موزوں قرار دیا۔
پوپ کی اسپتال سے واپسی نے ویٹیکن اور دنیا بھر کے تقریبا 1 ارب 40 کروڑ کیتھولک مسیحیوں کو لاحق تشویش میں کمی کی امید پیدا کی ہے۔ پوپ لیو چہاردہم، جو شکاگو میں پیدا ہوئے، کی سربراہی میں کلیسا کو ابھی دو سال بھی مکمل نہیں ہوئے۔
ویٹیکن نے بتایا کہ پوپ اتوار کو سینٹ پیٹرز اسکوائر کے سامنے واقع اپوسٹولک پیلس کی کھڑکی سے روایتی دعائے انجیل، یعنی اینجلس پڑھنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اسپتال میں قیام کے دوران بھی وہ روزانہ دوپہر کے وقت دسویں منزل پر واقع اپنے کمرے میں عبادت کرتے رہے۔
Comments
0 comment