3 hours ago
روس کے جزیرہ میں شدید زلزلہ
Webdesk
|
16 Oct 2026
روس کے جزیرہ نما کامچٹکا کے علاقے میں جمعے کے روز ریکٹر اسکیل پر 7 کی شدت کا زلزلہ آیا جبکہ جاپان نے 9.9 شدت کا انتباہ جاری کیا اور کچھ دیر بعد معذرت کرلی۔
یورپی بحیرہ روم زلزلہ پیما مرکز (ای ایم ایس سی) کے مطابق زلزلے کی گہرائی 140 کلومیٹر (86.99 میل) ریکارڈ کی گئی. جس کا مرکز ولچنسک سے تقریبا 123 کلومیٹر دور جنوب مغرب میں زمین کی سطح سے تقریبا 140 سے 152 کلومیٹر ریکارڈ کیا گیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق کسی بڑے جانی نقصان یا شدید تباہی کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔
دوسری جانب امریکی نیشنل اوشینک اینڈ ایٹموسفیرک ایڈمنسٹریشن (این او اے اے) اور پیسیفک سونامی وارننگ سینٹر کے مطابق اس زلزلے کے بعد سونامی کی کوئی وارننگ جاری نہیں کی گئی ہے۔
علاوہ ازیں جاپان میں 9.9 شدت کے زلزلے کی وارننگ جاری کرنے کے 8 منٹ بعد واپس لے لی گئی۔جاپان کے محکمہ موسمیات نے جمعے کو جزائر کوریل میں 9.9 شدت کے زلزلے کی پیشگی وارننگ جاری کی۔
تاہم بعد میں اسے واپس لیتے ہوئے کہا کہ علاقے میں آنے والے 6.9 شدت کے زلزلے کی شدت کا اندازہ ضرورت سے زیادہ لگایا گیا تھا۔
جاپان کے فیوجی نیوز نیٹ ورک کے مطابق یہ وارننگ دوپہر 12 بج کر 40 منٹ پر جاری کی گئی اور 8 منٹ بعد منسوخ کر دی گئی۔
امریکی جیولوجیکل سروے نے بھی جزائر کوریل میں 6.9 شدت کے زلزلے کی تصدیق کی۔
Comments
0 comment