امریکا کے حالات خراب، ٹرمپ کا فیفا ورلڈکپ کے میچز دوسرے ملک منتقل کرنے کا عندیہ

ویب ڈیسک
|
15 Oct 2025
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عندیہ دیا ہے کہ اگر ڈیموکریٹ پارٹی کے زیرِ انتظام شہروں میں حالات غیر محفوظ ہوئے تو امریکہ میں ہونے والا فیفا ورلڈ کپ کسی اور مقام پر منتقل کیا جا سکتا ہے۔
تاہم فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے واضح کیا ہے کہ اس حوالے سے فیصلہ صرف ادارے کی گورننگ باڈی ہی کرے گی۔
صدر ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ "اگر مجھے لگے کہ کوئی شہر ٹھیک طریقے سے انتظامات نہیں کر رہا یا وہاں سکیورٹی کے مسائل ہیں، تو میں فیفا کے سربراہ جیانی سے بات کروں گا اور کہوں گا کہ میچز کسی دوسرے مقام پر منتقل کر دیے جائیں — اور وہ ایسا کریں گے۔"
ان کے یہ ریمارکس اس ملاقات کے اگلے روز سامنے آئے ہیں جو انہوں نے مصر میں فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو سے کی تھی۔ دونوں رہنما شرم الشیخ میں منعقدہ امن کانفرنس میں شریک تھے، جس کا مقصد غزہ میں جنگ بندی اور مشرقِ وسطیٰ میں امن کی کوششوں کو آگے بڑھانا تھا۔
ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو 2028 لاس اینجلس اولمپکس کے ایونٹس بھی دوسری جگہ منتقل کیے جا سکتے ہیں۔
> "اگر مجھے لگے کہ لاس اینجلس تیاریوں میں ناکام ہو رہا ہے، تو میں اولمپکس بھی کسی اور مقام پر منتقل کر سکتا ہوں،" صدر ٹرمپ نے کہا۔
یاد رہے کہ 38 ٹیموں پر مشتمل فیفا ورلڈ کپ 2026 امریکہ اور میکسیکو کی میزبانی میں منعقد ہوگا، جس کے زیادہ تر مقابلے امریکہ میں ہوں گے۔
ٹورنامنٹ کے شیڈول کے مطابق بوسٹن میں 7 میچز، سیئٹل، سان فرانسسکو میں 6، جبکہ لاس اینجلس میں مجموعی طور پر 8 میچز کھیلے جائیں گے۔
Comments
0 comment